ایبٹ آباد،نویں محرم کا جلوس علم و ذوالجناح امام بارگاہ کاکول مزار بہ وطن سرکار سے برآمد ہو کر اختتام پذیر ہو گیا

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:00

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) ایبٹ آباد میں نویں محرم الحرام کا جلوس علم و ذوالجناح امام بارگاہ مزار بہ وطن سرکار کاکول سے برآمد ہوا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کاکول دربار بہ وطن سرکار پر اختتام پذیر ہوا،جلوس میں شامل عزادار تمام راستے سینہ کوبی اور زنجیر زنی کرتے رہے،جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کی جانب سے غیر معمولی انتظامات کرتے ہوئے بھاری نفری تعینات کی گئی ۔

ڈی ایس پی سرکل میرپور،ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار و افسران بھی موقع پر موجود رہے۔ جلوس کے اختتام پر مجلس عزاء منعقد کی گئی جس سے خطاب کرتے ہوئے نفاذ فقہ جعفریہ ہزارہ ڈویژن کے صدر نزر حسین ایڈوکیٹ نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے،امام حسین علیہ السلام نے ہمیں یہ پیغام دیا ہے کہ حق پر ڈٹے رہو اور باطل کے سامنے کھڑے ہو جاؤ۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ تاریخ اسلام کا ایک اہم موڑ ہے جو ہمیں سچائی اور انصاف کے لیے قربانی دینے کی اہمیت سکھاتا ہے۔اُنھوں نے مزید کہا کہ آج امت مسلمہ کو صرف اتحاد کی ضرورت ہے،پوری دنیا کے مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ کفار کے مقابلے میں ڈٹ جائیں،مجلس عزاء کے اختتام ملک کی خاطر قربانی دینے والے پاک فوج کے شہداء اور ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔