صوبائی معاون خصوصی ہمایون خان کا ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد کا دورہ، ڈرگ ری ہیبیلیٹیشن سینٹر کا افتتاح

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات ہمایون خان نے ڈسٹرکٹ جیل ایبٹ آباد کا دورہ کیا اور جیل میں قائم کردہ ڈرگ ری ہیبیلیٹیشن سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔جیل آمد پر سپرنٹنڈنٹ جیل سید محمد جنید، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ حافظ راشد اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔

سپرنٹنڈنٹ جیل نے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔معاون خصوصی ہمایون خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈرگ ری ہیبیلیٹیشن سینٹر کا قیام حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے، جو انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات عثمان محسود کی ہدایات اور ان کے وژن کے تحت عملی شکل اختیار کر چکا ہے۔افتتاح شدہ مرکز میں ابتدائی طور پر 10 قیدیوں کو ماہر ڈاکٹروں، سائیکالوجسٹ اور سائیکاٹرسٹ کی زیر نگرانی داخل کیا گیا ہے، جہاں انہیں نفسیاتی بحالی، کھیلوں، تعلیم، کمپیوٹر اور ڈریس میکنگ جیسے ہنر سکھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ مرکز منشیات کے عادی قیدیوں کی بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔معاون خصوصی نے جیل کو محض سزا کا نہیں بلکہ اصلاح کا ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے اقدامات قیدیوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔ انہوں نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، قیدیوں سے ملاقات کی اور فلاحی اقدامات کا جائزہ لیا۔ہمایون خان نے جیل میں صفائی، سکیورٹی، تعلیمی و تربیتی سہولیات اور اصلاحی منصوبہ جات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جیل انتظامیہ خصوصاً سپرنٹنڈنٹ جیل سید محمد جنید اور ان کی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔دورے کے اختتام پر سپرنٹنڈنٹ جیل نے معاون خصوصی اور دیگر مہمانوں کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔