واقعہ کربلا ہر دور میں ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے، ڈاکٹر شفقت ایاز

ہفتہ 5 جولائی 2025 20:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق، سچائی، قربانی اور استقامت کی وہ عظیم مثال ہے جو ہر دور میں ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کا درس دیتی ہے۔ ہفتہ کو اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کربلا ہمیں سکھاتا ہے کہ حق کے لیے سر کٹایا جا سکتا ہے مگر جھکایا نہیں جا سکتا۔

امام حسینؓ نے باطل کے سامنے جھکنے سے انکار کر کے حق کی سربلندی اور سچائی کی لاج رکھی اور قیامت تک کے لیے حریت و عزیمت کی علامت بن گئے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ کربلا ہر دور میں یزیدیت کے سامنے ڈٹ جانے کا سبق دیتا ہے۔ کوفہ کے لوگ بخوبی جانتے تھے کہ امام حسینؓ حق پر ہیں، مگر یزید کے خوف سے ان کی مدد نہ کی اور بعد میں پچھتاتے رہے۔

(جاری ہے)

آج کا پیغام یہی ہے کہ بعد میں پچھتانے سے بہتر ہے کہ وقت پر حق اور سچ کا ساتھ دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سچ کی راہ مشکل ضرور ہے، لیکن امام حسینؓ نے کربلا میں یہ ثابت کر دیا کہ اسی راہ پر چلنے والے کامیاب اور سرخرو ہوتے ہیں۔ کربلا کی سرزمین اس امر کی گواہ ہے کہ حق کے راستے پر چلنے والے کبھی تنہا نہیں ہوتے، ان کے ساتھ اللہ کی مدد ہوتی ہے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے عوام سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے موقع پر صبر، استقامت، اتحاد، بھائی چارے اور حق پسندی کو اپنایا جائے اور فرقہ واریت و نفرت کی بجائے وحدت و رواداری کو فروغ دیا جائے۔ یہی کربلا کا اصل پیغام ہے، جسے عام کرنا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔