آر پی او ڈیرہ غازی خان نے ریجن بھر میں 10 محرم الحرام پر سکیورٹی ریڈ الرٹ جاری کر دیا

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:00

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی طرف سے ریجن بھر میں 10 محرم الحرام پر سکیورٹی ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ۔ چاروں اضلاع میں دس محرم یوم عاشور کے 449 جلوس 481 مجالس کی سکیورٹی پر 40 ڈی ایس پی79 انسپکٹر446سب انسپکٹرزسمیت گیارہ ہزار سے زائد افسران مامور ہوں گے، امن و امان قائم رکھنے کے لیے پولیس کے ہمراہ آرمی اور رینجرز تعینات کی گئی ہے۔

۔ ہفتہ کو یہاں جاری تفصیلات کے مطابق آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کے احکامات پر ریجن بھر میں 10 محرم الحرام کے تمام پروگرامز کی سیکورٹی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ سکیورٹی اقدامات کے آن گرائونڈ جائزہ کے لیے آر پی او خود فیلڈ میں متحرک ہیں اور ریجن بھر کی حساس امام بارگاہوں مجالس اور مرکزی جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی اقدامات کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

آر پی او کے حکم پر چاروں اضلاع میں 10 محرم الحرام کو سکیورٹی انتہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ چاروں اضلاع میں 10 محرم الحرام کو عزاداری کے 449 روائتی و لائسنسی جلوس اور 481 مجالس منعقد ہوں گی جن کی سیکورٹی کے لیے 40 ڈی ایس پی79 انسپکٹر 446 سب انسپکٹرز سمیت گیارہ ہزار سے زائد افسران و اہلکاران فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ امن و امان قائم رکھنے کے لیئے پولیس کے ہمراہ پاک آر می اور رینجرز کے دستے بھی تعینات کردیئے گئے ہیں۔

ایلیٹ فورس، کوئیک ریسپا نس، پنجاب کانسٹیبلری، پنجاب ہائی وے پٹرول اوراس کے علاوہ 2943 ولنٹیئرز بھی سکیورٹی ڈیوٹی میں معاونت کریں گے۔ آر پی او کے احکامات پر تمام اضلاع میں جلوسوں کے روٹس پر آنے والے گلیوں اور سٹرکوں کو بذریعہ خاردار تار اور بیریئر بند کردیا گیاہے ۔ امام بارگاہوں ،مجالس اور جلوسوں کے روٹس پر بم ڈسپوزل سکواڈ اور اسپیشل برانچ کے ذریعہ سکریننگ اور سکیننگ جاری ہے۔

روٹس پر 1290 سی سی ٹی وی کیمروں، سرویلنس گاڑیوں کے ذریعے مانیٹرنگ اور ویڈیو ریکارڈنگ جاری ہے جبکہ ڈرون کیمروں کی مدد سے جلوسوں کے گردونواح کے ماحول کی نگرانی کی جارہی ہے ۔ جلوسوں کے آنے والی عمارتوں پر سنائیپرز تعینات ہیں ۔اس کے علاوہ سول پارچات میں بھی پولیس اہلکاران جلوسوں اور روٹس پر تعینات کیئے گئے ہیں۔ سرحدی اور بین الصوبائی چیک پوسٹیں ہائی الرٹ ہیں ۔

شہروں کے داخلی و خارجی راستے، بین الصوبائی بارڈرز پر سخت چیکنگ اور انٹری پوائنٹس پر جدید سائنسی طریق کار کے مطابق چیکنگ کی جارہی ہے ۔ اس موقع پر آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے تمام اضلاع میں سکیورٹی کو انتہائی ریڈ الرٹ رکھتے ہوئے احکامات جاری کیئے کہ جملہ ضلعی سربراہان فیلڈ میں موجود رہ کر جاری کردہ سکیورٹی پلان پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں ۔

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ، اسلحہ کی نمائش ،لاؤڈسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی اوردیگر قانون شکنی کے مرتکب افراد کے خلاف بلاتفریق کاروائیاں عمل میں لائیں ۔ سپروائزری افسران ڈیوٹی سے قبل ڈیوٹی پر تعینات اہلکاران کوڈیوٹی کی حساسیت سے متعلق بریف کریں۔ ضابطہ اخلاق ، طے شدہ معاہدوں، روٹس اور وقت کی پابندی پر عمل درآمد کرایا جائے۔