راولپنڈی، محرم الحرام کے دوران سکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات

ہفتہ 5 جولائی 2025 22:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2025ء) محرم الحرام کے دوران راولپنڈی میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اقدامات جاری ہیں۔ سیف سٹیز راولپنڈی میں قائم مرکزی کنٹرول روم سے 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ایس ایس پی سیف سٹی رانا عبدالوہاب کا کہنا ہے کہ کنٹرول روم میں 2400 سے زائد کیمروں کے ذریعے شہر بھر کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ محرم الحرام کے خصوصی سیکیورٹی انتظامات کے تحت ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے 700 اضافی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

سیف سٹیز کنٹرول روم میں راولپنڈی پولیس کے ساتھ ساتھ پاک فوج، رینجرز، ریسکیو 1122، آئیسکو، ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر 21 اداروں کے نمائندے بھی موجود ہیں تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں تمام اداروں کے درمیان فوری اور مؤثر رابطہ ممکن بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جدید مانیٹرنگ سسٹمز کے تحت چہرے کی شناخت، ٹیگ اینڈ ٹریس، نمبر پلیٹ ریڈنگ اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس جیسے فیچرز استعمال کیے جا رہے ہیں۔

ان جدید سہولیات کی بدولت سیکیورٹی کو مزید مؤثر اور فول پروف بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 10 محرم الحرام کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تمام اداروں کے باہمی ربط اور مربوط حکمت عملی کے تحت راولپنڈی میں امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ راولپنڈی پولیس اور دیگر ادارے شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت چوکنا اور فعال ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں اور سیکیورٹی انتظامات میں تعاون کریں۔