اسرائیل نے بین الاقوامی تنظیموں کو شمالی غزہ میں امداد تقسیم کرنے کی اجازت دے دی

دائیں بازو کے انتہا پسند کٹر یہودی وزیر خزانہ بزلئیل سموٹریچ کی شمالی غزہ میں امداد کی فراہمی کی سخت مخالفت

پیر 7 جولائی 2025 12:14

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ نے بین الاقوامی تنظیموں کو شمالی غزہ میں امدادی سامان تقسیم کرنے کی اجازت دے دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ بات ایک اسرائیلی عہدیدار کے حوالے سے رپورٹ کی گئی، جبکہ حکومتی ترجمان نے اس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔حال ہی میں اسرائیل نے متنازعہ فائونڈیشن فار ہیومینیٹیرین ریلیف ان غزہ نامی تنظیم کو بھی امداد کی تقسیم کے لیے سپورٹ کیا ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی حکام کا دعوی ہے کہ فلسطینی تنظیم حماس امداد کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے۔ امریکہ نے اس نئے انتظام کی حمایت کی، جبکہ اقوام متحدہ نے اس پر تنقید کی ہے۔مذکورہ تنظیم کی تقسیمِ امداد کی سرگرمیاں متعدد مہلک واقعات کی وجہ سے تنقید کی زد میں رہی ہیں۔ شمالی غزہ میں اس تنظیم کی جانب سے ابھی تک کوئی تقسیم مرکز قائم نہیں کیا گیا، جہاں دیگر بین الاقوامی تنظیمیں سرگرم رہی ہیں۔ادھردائیں بازو کے انتہا پسند کٹر یہودی وزیر خزانہ بزلئیل سموٹریچ نے شمالی غزہ میں امداد کی فراہمی کی سخت مخالفت کی ہے۔