عشرہ محرم الحرام کے دوران ضلعے میں عزاداروں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی،سی ای او ہیلتھ سیالکوٹ

پیر 7 جولائی 2025 14:59

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ ضلعےمیں عشرہ محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو صحت اور ایمرجنسی کی بہترین سروسز مہیا کی گئیں ،امام بارگاہوں اور جلوسوں میں افسران نے دورے کیے اور وہاں پر میڈیکل کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ ہیلتھ نے ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کیں تا کہ عزاداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق میڈیکل اہلکار امام بارگاہوں پر میڈیکل کی سہولیات کی فراہمی کے لیے مجالس اور جلوسوں کے اوقات میں موجود رہے اور زنجیر زنی سے زخمی ہونے والے عزاداروں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی ۔سی ای او کا کہنا تھا کہ محکمے کے ورکرز کا محرم الحرام میں مثالی کردار رہا ، آخر میں انہوں نے تمام پیرا میڈیکل سٹاف کے کام کی تعریف کی، انہوں نے میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا ۔