بزم علم و فن پاکستان ہزارہ کے زیراہتمام ماڈرن ایج پبلک سکول اینڈ کالج ایبٹ آباد میں محرم الحرام کی مناسبت سے محفلِ مسالمہ

پیر 7 جولائی 2025 16:59

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) بزم علم و فن پاکستان ہزارہ کے زیراہتمام ماڈرن ایج پبلک سکول اینڈ کالج ایبٹ آباد میں محرم الحرام کی مناسبت سےمحفلِ مسالمہ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ہزارہ ڈویژن کے نامور شعرا، ادیبوں اور دانشوروں نے شرکت کی۔ اس خصوصی ادبی و عقیدتی نشست کا مقصد محرم الحرام کی فضیلت کو اجاگر کرنا اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔

تقریب میں شرکت کرنے والے ممتاز شعرامیں جان عالم، واحد سراج، میجر (ر) امان اﷲ امان، ڈاکٹر عامر سہیل، امتیازالحق امتیاز، ڈاکٹر ضیاالرشید، ضیاشاہد اور دیگر شامل تھے جنہوں نے اپنی تازہ نظموں، غزلوں اور اشعار کے ذریعہ امام حسینؓ اور ان کے رفقاکی قربانی کو نہایت موثر انداز میں بیان کیا۔

(جاری ہے)

ان کے کلام نے سامعین کو رقت آمیز فضامیں جذب و مستی کی کیفیت سے دوچار کر دیا۔

محفل کے دوران ممتاز مذہبی سکالر سید تنویر حسین شاہ اور محمد اقبال قریشی نے محرم الحرام کی اہمیت، فلسفہ کربلا اور شہدائے کربلا کے پیغامِ حق و صداقت پر مدلل اور پرجوش خطابات کئے جنہوں نے حاضرین کے دلوں کو روحانی طور پر جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ اس موقع پر معروف سینئر صحافی لالہ محمد زمان نے بھی محرم الحرام کے حوالہ سے اپنے دل سے نکلے ہوئے تحریری تاثرات پیش کئے جنہیں سامعین نے انتہائی عقیدت اور توجہ سے سنا اور سراہا۔ واحد سراج نے تمام معزز مہمانانِ گرامی، شعرا، مقررین اور حاضرین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور بزم علم و فن کے اس ادبی و روحانی سلسلے کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔