وزیر قانون کا مقامی منتخب نمائندوں کے ہمراہ کوہاٹ گریڈ سٹیشن کادورہ

پیر 7 جولائی 2025 21:44

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے عوامی شکایات پر چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال اورچیئرمین شیراز خان بنگش کے ہمراہ کوہاٹ گریڈ سٹیشن کا دورہ کیا اور متعلقہ حکام کے ساتھ کوہاٹ میں بجلی کے جاری بحران پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر ایکسین پیسکو کوہاٹ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر قانون نے علاقے میں گذشتہ کئی دنوں سے بجلی کے جاری بحران پر لوگوں میں پائے جانے والے تحفظات اور غم و غصے سے آگاہ کیا۔آفتاب عالم نے ایکسین پیسکو کوہاٹ اور گریڈ سٹیشن کے ایس ڈی او کیساتھ بجلی کے ترسیل کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کسی صورت قابلِ قبول نہیں لہذا علاقہ کے مکینوں کو شیڈول کے مطابق بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ گریڈ سٹیشن کے عملے نے صوبائی وزیر کو مکمل یقین دہانی کرائی کہ انشاء اللہ جتنا ہو سکے لوگوں کی تکالیف کو مد نظر رکھ کر بجلی فراہم کریں گے۔