بیرسٹر سلطان کی میزبانی میں فارورڈ بلاک کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس

آئندہ الیکشن میںفارورڈ بلاک مشترکہ لائحہ عمل طے کرکے متفقہ طور پر حکمت عملی وضع کرنے کا فیصلہ

پیر 7 جولائی 2025 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی میزبانی میں فارورڈ بلاک کی پارلیمانی پارٹی کا خصوصی اور اہم اجلاس ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اس موقع پرفارورڈ بلاک کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے بھی شرکت کی جبکہ اس موقع پر فارورڈ بلاک کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میںوزیر بہبود آبادی سردار محمد حسین،وزیر مواصلات چوہدری اظہر صادق،وزیر ایلیمنٹری و سکینڈری ایجوکیشن دیوان علی خان چغتائی، وزیر مال چوہدری محمد اخلاق،وزیر صحت نثار انصر ابدالی،وزیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن چوہدری محمد رشید، وزیر توانائی چوہدری ارشدحسین،وزیر سیاحت سردار فہیم اختر ربانی،وزیر ہائیر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک،وزیر خزانہ عبدالماجد خان،وزیر فزیکل پلاننگ و ہائوسنگ چوہدری یاسر سلطان،وزیر خوراک چوہدری اکبر ابراہیم،وزیر جموں وکشمیرلبریشن سیل بیگم امتیاز نسیم، وزیر آزاد جموں وکشمیر سمال انڈسٹریز کوآپریشن، ٹریول اینڈ ٹریڈ اتھارٹی پروفیسر تقدیس گیلانی، وزیر اطلاعات محمد مظہر سعید،وزیر سپورٹس عاصم شریف بٹ ، (وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سردار میر اکبرٹریبونل میں اپنی تاریخ کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکے جبکہ ڈپٹی سپیکر چوہدری ریاض احمدنے مظفرآباد سے اور مشیر زکوٰة و عشر صبیحہ صدیق نے لندن سے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی)،صدارتی مشیر سردار امتیاز خان اور صدارتی مشیر چوہدری محبوب ایڈووکیٹ نے بھی شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اجلاس میں فارورڈ بلاک کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کی قیادت پر مکمل اور بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ فارورڈ بلاک کی پارلیمانی پارٹی آپس میں متحد ہے اور اس بات کا فیصلہ بھی کیا گیا کہ آئندہ الیکشن میںفارورڈ بلاک مشترکہ لائحہ عمل طے کرکے متفقہ طور پر حکمت عملی وضع کرے گا۔

دریں اثناء فارورڈ بلاک کی پارلیمانی پارٹی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کی بھرپور مذمت کی اورمسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کے لئے کوششیں تیز کی جائیں گی اورآزادی کے بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یہ یقین دلایا گیا کہ ہم اُن کی آزادی کی جدوجہد میں اُن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک ہماری یہ جدوجہد جاری و ساری رہے گی۔قبل ازیں اجلاس میںاس بات پر بھی زور دیا گیا کہ آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی، عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کیا جائے تاکہ آزادکشمیر کو فلاحی ریاست بنایا جا سکے۔