بھارتی کرکٹر نے پاکستان کیکامران غلام کا 12 سالہ ریکارڈ توڑ دیا

ویبھو سوریاونشی نے انڈر 19 ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف چوتھے میچ میں 55 رنز سے فتح حاصل کروائی، بھارت کو سیریز میں 1-3 کی برتری حاصل ہے،بھارتی میڈیا

پیر 7 جولائی 2025 23:44

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 جولائی2025ء)بھارت کے نوجوان بلے باز ویبھو سوریاونشی نے انگلینڈ کے خلاف یوتھ ون ڈے انٹرنیشنل میں تیز ترین سنچری بنا کر ریکارڈ قائم کردیا۔ویبھو سوریاونشی نے انڈر 19 ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف چوتھے میچ میں 55 رنز سے فتح دلوائی، بھارت کو سیریز میں 1-3 کی برتری حاصل ہے،14 سالہ بائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 78 گیندوں پر 183.33 کے حیران کن اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 143 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔

(جاری ہے)

سوریاونشی نے صرف 52 گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی، انہوں نے پاکستان کے کامران غلام کا قائم کردہ تیز ترین یوتھ ون ڈے سنچری کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا، کامران غلام نے 2013 میں انگلینڈ کے خلاف 53 گیندوں پر یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ سوریاونشی یوتھ ون ڈے میں سنچری بنانے والے اب تک کے سب سے کم عمر کھلاڑی بھی بن گئے، انہوں نے 14 سال اور 100 دن میں یہ کارنامہ انجام دیتے ہوئے بنگلا دیش کے نجم الحسین شانتو کو پیچھے چھوڑ دیا، شانتو نے 14 سال اور 241 دن کی عمر میں یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔