شہریوں کو لوٹنے اور گینگ ریپ کے مقدمات میں ملوث دو ملزمان گرفتار

پیر 7 جولائی 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2025ء) تھانہ کھنہ پولیس نے اپنے آپ کو سرکاری ملازم ظاہر کرکے شہریوں کو لوٹنے اور گینگ ریپ کے مقدمات میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان راولپنڈی میں چوری اور راہزنی کے 28 مقدمات جبکہ تھانہ کھنہ کے 5 مقدمات میں سابقہ ریکارڈ یافتہ ہیں ۔

(جاری ہے)

پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان اسلحہ کی نوک پر شہریوں کو اغوا کرکے لوٹنے اور گینگ ریپ کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

ملزمان کی شناخت عمر مبارک اور شیراز کے ناموں سے ہوئی ہے ۔گرفتار ملزمان کے قبضہ سے چھینے گئے موبائل فون ، نقدی ،وارداتوں میں استعمال ہونے والا مو ٹر سائیکل اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کرلیا۔ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس محمد جواد تقی نے کہا کہ ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے،منظم اور متحرک گینگز کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔