ویمنز ایشین کپ کوالیفائر: پاکستان فٹبال ٹیم کی دوسرے میچ میں بھی فتح

پاکستان فٹبال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرغزستان کو 1-2 سے شکست دی

منگل 8 جولائی 2025 14:14

ویمنز ایشین کپ کوالیفائر: پاکستان فٹبال ٹیم کی دوسرے میچ میں بھی فتح
جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)ایشین فٹ بال فیڈریشن (اے ایف سی) ویمن ایشین کپ کوالیفائرز میں پاکستان فٹبال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائر میں قومی فٹبال ٹیم نے انڈونیشیا کو شکست دینے کے بعد مسلسل دوسری کامیابی کرغزستان ٹیم کو ہرا کر سمیٹ لی۔

انڈونیشیا میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان فٹبال ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرغزستان کو 1-2 سے شکست دی۔

(جاری ہے)

گروپ ڈی کے میچ میں گرین شرٹس کی جانب سے پہلا گول مریم محمود نے چوتھے منٹ میں کیا اس کے بعد دوسرا گول کرنے کا اعزاز بھی ان ہی کے پاس رہا اور 26ویں منٹ میں مریم محمود نے پینلٹی کک سے گول داغ دیا۔مذکورہ ایونٹ میں پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کی مجموعی کارکردگی اور کھلاڑیوں کا جذبہ قابل دید ہے، جس کی بدولت قومی ویمنز فٹبال ٹیم کو کوالیفائنگ راؤنڈ میں زبردست کامیابی ملی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اپنے گزشتہ میچ میں پاکستان فٹبال ٹیم نے انڈونیشیا کو دو صفر سے شکست دیکر ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز میں پہلی کامیابی حاصل کی تھی جو ستمبر 2023 کے بعد پاکستان ویمنز فٹبال ٹیم کی پہلی بین الاقوامی کامیابی تھی۔