سالانہ 250 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے

زیادہ بجلی استعمال ہوگی تو بجلی کے ریٹ کم ہو جائیں گے، بجلی کی قیمت اس لیے ہی زیادہ ہے کیوں کہ بجلی کا استعمال کم ہے، وفاقی وزیر توانائی کا قائمہ کمیٹی میں انکشاف

muhammad ali محمد علی منگل 8 جولائی 2025 19:33

سالانہ 250 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جولائی2025ء) وفاقی وزیر کے مطابق سالانہ 250 ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے، زیادہ بجلی استعمال ہوگی تو بجلی کے ریٹ کم ہو جائیں گے، بجلی کی قیمت اس لیے ہی زیادہ ہے کیوں کہ بجلی کا استعمال کم ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی نے بجلی چوری اور بجلی مہنگی ہونے سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔ منگل کے وز قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی رکن قومی اسمبلی محمد ادریس کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ کے الیکٹرک اب نیشنل گرڈ سے 600 میگاواٹ تک بجلی لے سکتی ہے، اس سے کے الیکٹرک کے پاس 2 ہزار میگاواٹ بجلی ہو جائے گی، متبادل گرڈ کی ضرورت کے حوالے سے پہلے ہم ایک رپورٹ تیار کروالیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس سے پہلے ایک اتھارٹی کا رول کیسے ادا کر سکتے ہیں، میرے لیے کنکشن دینا آسان ہے، اس سے بجلی زیادہ استعمال ہوگی، زیادہ بجلی استعمال ہوگی تو بجلی کے ریٹ کم ہو جائیں گے، بجلی کی قیمت اس لیے ہی زیادہ ہے کیوں کہ بجلی کا استعمال کم ہے۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے کہا کہ اس لیے سوسائٹیوں میں کنیکشن دیں تاکہ استعمال بڑھے۔اویس لغاری نے کہا کہ یہ بجلی کے محکمے کا تو فائدہ ہے، لیکن قومی نقصان ہے، اتھارٹیز سے ڈیمانڈ نوٹس بھجوا دیں ہم کنکشن لگا دیں گے، 500 ارب کی بجلی چوری نہیں ہے، بجلی چوری 250 ارب سالانہ ہے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ باقی بلوں میں ریکور نہ ہونے والی رقم ہے، ملک انور تاج نے کہا کہ 200 یونٹ اور 201 یونٹ کا معاملہ آج کل لوگوں میں زیر بحث ہے، انہوں 200 اور 201 یونٹ پر بلوں میں فرق کا ایجنڈا شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔کمیٹی کے رکن ملک انور تاج نے کہا کہ ایجنڈا شامل کیا جائے کہ ایک یونٹ کے فرق پر بل اتنا کیوں بڑھ جاتا ہے؟۔