سانحہ سوات کے بعد گرینڈ آپریشن، کالام تا مینگورہ بلاامتیاز تجاوزات کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں، ڈپٹی کمشنر سوات

منگل 8 جولائی 2025 19:50

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان نے کہا ہے کہ 27 جون کو دریائے سوات میں پیش آنے والے سانحہ کے بعد ضلعی انتظامیہ متحرک ہو چکی ہے اور دریا کے قدرتی بہا میں آنے والے تمام تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی قسم کی غلط فہمی میں مبتلا نہ ہونا چاہیے، نہ تو کوئی سیلاب آ رہا ہے اور نہ ہی اس وقت کوئی خطرہ موجود ہے، سیاح بلاخوف و خطر سوات کا رخ کریں۔

اپنے دفتر میں نیو زکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ریونیو ریکارڈ کے مطابق مینگورہ بائی پاس سمیت جن مقامات پر آپریشن کیا گیا، وہ تمام زمینیں شاملاتی ملکیتی تھیں اورغیر ممکن سیلاب کے تناظر میں ان پر قائم تجاوزات کو قانونی طریقے سے ہٹایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ امیر مقام کا ہوٹل تجاوزات کی زد میں نہیں آتا کیونکہ وہ مکمل قانونی حیثیت رکھتا ہے اور ریونیو ریکارڈ اس کی تصدیق کرتا ہے۔

سلیم جان نے کہا کہ ہم نے کسی بھی ایسی ملکیتی زمین یا این او سی رکھنے والی عمارت کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ تاہم بعض لوگوں نے این او سی لینے کے بعد تجاوزات قائم کئے جن کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر سوات نے بتایا کہ کالام میں 87ہوٹلوں کی نشاندہی کی جا چکی ہے، جن میں سے 33ہوٹلوں نے 2020ء کے معاہدے کے باوجود تجاوزات قائم کیں، ان تمام ہوٹلوں اور دیگر کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

سانحہ سوات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور اس کی رپورٹ چیف منسٹر انسپکشن ٹیم (CMIT) کی سپیشل انکوائری کمیٹی جاری کرے گی۔ سلیم جان کے مطابق ارلی وارننگ سسٹم کے بھی وہ فوائد حاصل نہ ہوں گے کیونکہ یہاں پر سیلابی صورتحال مختلف ہوتی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اعتراف کیا کہ سانحے کے دوران ریسکیو ٹیموں کو کشتیوں، لائف جیکٹس، رسیوں اور دیگر ضروری آلات کی شدید کمی کا سامنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سیلاب عام سیلاب سے مختلف تھا، اس میں پانی کے ساتھ بڑے بڑے پتھر بھی شامل تھے جو نقصان کا باعث بنے۔انہوں نے کہا کہ غلطیوں سے سیکھا جا رہا ہے اور آئندہ ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ نے ڈرون ٹیکنالوجی سمیت جدید آلات کی فراہمی کے لیے حکومت کو باقاعدہ خط لکھ دیا ہے۔پریس کانفرنس کے اختتام پر سلیم جان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سوات کو محفوظ، قانون کے مطابق اور سیاح دوست علاقہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں، ہوٹل مالکان اور تاجروں سے اپیل کی کہ وہ قانون کا احترام کرتے ہوئے تجاوزات کے خاتمے میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔