سٹی کونسل سوات کا اجلاس، سیلاب، تجاوزات، صفائی، پانی، روشنی و دیگر مسائل پر تفصیلی غور

منگل 8 جولائی 2025 19:50

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)سٹی کونسل بابوزئی سوات کا اہم اجلاس ے سپیکر طاہر خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں سٹی کونسل کے ممبران نے مختلف علاقائی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں، تجاوزات کے بڑھتے ہوئے مسائل، صفائی کے ناقص انتظامات، اسٹریٹ لائٹس کی بندش، پینے کے پانی کی قلت، منشیات فروشی، جرائم اور دیگر عوامی مسائل پر اراکین نے کھل کر اظہارِ خیال کیا۔

اجلاس میں ممبران نسیم اختر، امجد علی خان(بلوگرام)، نادر شاہ خان، انور اقبال، شعیب خان، وقایت اللہ باچا، نور خان، ریاض خان، گوہر علی، شوکت ایلم خان، حسین علی، ضیا الحق تاجک، فواد علی، محمد رجمان، عظمت علی، اقبال بالے، حبیب اللہ خان، عمرا خان، برگت علی، عباس خان، فرمان علی، بخت زادہ اور دیگر نے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل کی نشاندہی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میئر سٹی لوکل گورنمنٹ شاہد علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوامی مسائل کا بخوبی ادراک ہے اور ہم برت خیل میں پانی ولہ کی بحالی سمیت دیگر مسائل کے حل کے لیے جلد عملی اقدامات کا آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سوات سانحہ کے متاثرین کی ہر ممکن مدد اور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔میئر نے کہا کہ تمام مسائل کے حل کیلئے وی سی چیئرمینوں سے قریبی مشاورت کی جائے گی اور ضلعی محکموں کے افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ عوامی مسائل کے حل پر سنجیدگی سے توجہ دیں۔

انہوں نے سٹی کونسل کے تمام معزز ممبران پر زور دیا کہ وہ باہمی مشاورت اور قریبی روابط کے ذریعے عوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔ان کا کہنا تھا کہ سٹی کونسل بابوزئی عوام کا ایک مثر نمائندہ فورم ہے اور تمام اراکین ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں۔ کوشش ہے کہ دستیاب وسائل اور تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر سوات کے شہریوں کو درپیش مسائل کا فوری اور دیرپا حل ممکن بنایا جا سکے۔