صدر کی تبدیلی یا چوہدری نثار کی واپسی زیر غور نہیں،عرفان صدیقی

پی ٹی آئی اور اس کے بانی کی سیاست کے زوال کے بعد میڈیا موضوعات کے قحط کا شکار ہو چکا، بیان

منگل 8 جولائی 2025 21:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جولائی2025ء)سینیٹ میں مسلم لیگ ( ن ) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے واضح کیا ہے کہ صدر آصف زرداری کی تبدیلی سے متعلق کسی بھی سطح پر کوئی تجویز زیر غور نہیں ،وہ بطور ریاست کے آئینی سربراہ اپنا کردار بخوبی ادا کر رہے ہیں۔جاری بیان میں سینیٹر عرفان صدیقی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی اڈیالہ جیل جا کر تحریک انصاف کے بانی سے ملاقات کی خبروں کو سراسر غلط اور بے بنیاد قرار دیا۔

(جاری ہے)

لیگی رہنماء نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اس کے بانی کی سیاست کے زوال کے بعد میڈیا موضوعات کے قحط کا شکار ہو چکا ہے جس کے باعث چسکا فروشی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی اتحادی ضرور ہے مگر اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ہر معاملے میں مکمل اتفاق رکھتی ہو۔سینیٹر عرفان صدیقی نے یہ بھی واضح کیا کہ چوہدری نثار علی خان کی مسلم لیگ (ن) میں واپسی سے متعلق کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام انتخابات اپنی آئینی مدت کی تکمیل پر ہی ہوں گے۔