xپنجاب کے 15 اضلاع میں 944 نئے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کا فیصلہ

&وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا صاف پانی مشن، جنوبی پنجاب و پوٹھوہار میں پلانٹس لگانے کی منظوری

منگل 8 جولائی 2025 21:40

: لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر میں صاف پانی کی فراہمی کے مشن کے تحت بڑے پیمانے پر عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ پہلے مرحلے میں پنجاب کے 15 اضلاع میں 944 نئے واٹر فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔اس ضمن میں وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر میں اہم اجلاس ہوا، جس میں سی ای او زاہد عزیز، ڈی جی آپریشنز و مینٹیننس زوہیب بٹ، پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر سلطان باجوہ، اور چیئرمین اتھارٹی چوہدری زاہد اکرم نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جنوبی پنجاب اور پوٹھوہار ریجن کے چار شہروں میں صاف پانی بوتلوں کے ذریعے فراہم کرنے کے لیے پلانٹس لگانے کی منظوری دی گئی، جبکہ 2 چھوٹے اور ایک بڑے پیمانے کے سرفیس واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب بھی پی سی ون کا حصہ بنائی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے ہدایت دی کہ پی سی ون کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ دہائیوں پرانے مسائل کا حل ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے بھر میں صاف پانی کی پائیدار فراہمی کیلئے سنجیدہ اور مؤثر منصوبہ بندی کر رہی ہیں اور ہر سال نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔اجلاس میں پوٹھوہار ریجن میں ڈیمز کے پانی کی ٹریٹمنٹ سے صاف پانی کی فراہمی کے امکانات پر بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، جسے مستقبل کے اہم اقدامات میں شامل کیا جائے گا۔