Live Updates

مون سون سیزن کے دوران رودکو ہیوں اور دریاؤں میں متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام محکمے مکمل الرٹ ہیں،کمشنرڈیرہ غازی خان

منگل 8 جولائی 2025 22:50

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جولائی2025ء) کمشنرڈیرہ غازی خان اشفاق احمد چوہدری کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں رودکوہیوں اور دریاؤں میں متوقع سیلابی صورت حال کے حوالے سے پیشگی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد، چیف انجینئراریگیشن ذوالفقار علی،متعلقہ محکموں کے افسران،پی ڈی ایم اے،شہری دفاع،ریسکیو 1122،محکمہ ہیلتھ اور محکمہ بلدیات سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی اجلاس میں موجود تھے جبکہ ڈپٹی کمشنر راجن پور شفقت اللہ مشتاق،ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ قراۃ العین میمن،ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو منور حسین بخاری اور دیگر اضلاع کے حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

چیف انجینئر اریگیشن ذوالفقارعلی نے اجلاس کو سیلاب سے نمٹنے کے لئے پیشگی اقدامات بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

کمشنر اشفاق احمد چوہدری نے کہاکہ مون سون سیزن کے دوران رودکو ہیوں اور دریاؤں میں متوقع سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام محکمے مکمل الرٹ ہیں،رود کوہیوں میں سیلابی صورتحال کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور پیشگی وارننگ سسٹم کو فعال کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے،شہری علاقوں میں بارشی پانی کے نکاس کے لئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے،رودکوہیوں میں فلیش فلڈ بارے عوام کو بروقت اور فوراً آگاہ کیا جائے،تمام پہاڑی ندی نالوں کے راستوں کی صفائی کی جائے اور وہاں موجود غیر قانونی رکاوٹوں کو فی الفور ہٹایا جائے، پہاڑی ندی نالوں کے کناروں کو مزید مضبوط کیا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کو بچایا جا سکے،تمام ندی نالوں اور دریاؤں کے پشتوں کی مرمت و بحالی کا کام مکمل کیا جائے اس موقع پر چیف انجینئر اریگیشن ذوالفقار علی نے بریفنگ میں بتایا کہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔

کمشنر ڈی جی خان نے این 55 پر تونسہ کے نزدیک بارش کی وجہ سے سڑک ٹوٹنے کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ این ایچ اے اور اریگیشن حکام فی الفور سڑک کی مرمت اور بحالی کو یقینی بنائیں،ڈویژن بھر کے ندی نالوں اور دریاؤں میں نہانے پر پابندی کے حکم پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے. اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت دریائے سندھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ کمشنر نے کوٹ ادو کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فی الفور حفاظتی اقدامات کیے جائیں اور اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے سے رجوع کرکے امدادی سامان،کشتیاں، مشینری، خیمے اور لائف جیکٹس کا بندوبست کیا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹا جاسکے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات