میرا تعلق فلسطینی اتھارٹی سے ہے، اسرائیل سے رابطے کے بعد ابو شباب کا نیا دعوی

بدھ 9 جولائی 2025 12:24

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)جنوبی غزہ میں مسلح گروہ کے سربراہ یاسر ابو شباب نے اسرائیل سے رابطوں کا اعتراف کرنے کے ایک دن بعد دعوی کیا ہے کہ اس کا تعلق فلسطینی اتھارٹی سے ہے۔ اس کی قیادت میں سرگرم گروہ رفح کے علاقے میں کام کر رہا ہے، جو مکمل طور پر اسرائیلی فوج کے کنٹرول میں ہے۔ابو شباب نے اسرائیلی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ابتدا سے ہی فلسطینی اتھارٹی سے رابطہ رکھا اور انہیں وہاں سے مدد ملی۔

(جاری ہے)

ان کے مطابق صدر محمود عباس کے مشیر محمود الہباش وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے اس خیال کی حمایت کی اور ان کی درخواست پر فوری ردعمل دیا۔ابو شباب نے بتایا کہ وہ جس ملیشیا کی قیادت کرتے ہیں اسے وہ عوامی فورسزکہتے ہیں۔ اس نے دعوی کیا کہ حماس کا انجام قریب ہے۔ ابو شباب نے کہا کہ وہ اسرائیلی فوج کے لیے نہیں بلکہ فلسطینی اتھارٹی کے لیے کام کر رہے ہیں اور حماس کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے، چاہے غزہ میں جنگ بندی کیوں نہ ہو جائے۔