ماڈل حمیرا اصغر کی پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ جاری، فوری طور پر موت کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی جا سکتی، پولیس سرجن

ابتدائی طور پر کوئی حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا،خاتون کے جسم سے ڈی این اے اور کیمیکل ایگزیمن کیلئے ضروری سیمپلز لے لئے گئے جس سے موت کی ممکنہ وجہ سامنے آسکے گی اور یہ بھی پتہ چلایا جا سکے گا کہ خاتون نے منشیات یا زہریلی اشیاء کا استعمال کیا تھا، ڈاکٹر سمعیہ

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 9 جولائی 2025 17:15

ماڈل حمیرا اصغر کی پوسٹ مارٹم کی ابتدائی رپورٹ جاری، فوری طور پر موت ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09جولائی 2025)ماڈل و اداکارہ حمیرا صغر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی جاری کر دی گئی ہے، موت کی وجہ تاحال غیر واضح نہ ہوسکی، پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق لاش گلنے سڑنے (ڈی کمپوزیشن) کے آخری مراحل میں ہے جس کی وجہ سے فوری طور پر موت کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی جا سکتی۔پولیس سرجن نے واضح کیاکہ ابتدائی طور پر وجہ موت کے حوالے سے کوئی حتمی رائے دینا قبل از وقت ہوگا اس لئے حتمی نتائج آنے تک رپورٹ کو مکمل قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ڈاکٹر سمعیہ کے مطابق خاتون کے جسم سے ڈی این اے اور کیمیکل ایگزیمن کیلئے ضروری سیمپلز لے لئے گئے ہیں جنہیں تجزئیے کیلئے متعلقہ لیبارٹری بھیج دیا گیا ہے۔ ان ٹیسٹوں کے ذریعے نہ صرف موت کی ممکنہ وجہ سامنے آئے گی بلکہ یہ بھی پتہ چلایا جا سکے گا کہ آیا خاتون نے کسی قسم کی منشیات یا زہریلی اشیاء کا استعمال کیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس سرجن نے بتایا کہ خاتون کی لاش کا ابتدائی میڈیکل معائنہ کیا گیا ہے مگر لاش اس قدر مسخ ہو چکی ہے کہ ظاہری معائنے سے موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے وجہ موت کو ریزرو کرلیا ہے اور اس کا انحصار مزید لیبارٹری ٹیسٹ رپورٹس پر ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6میں فلیٹ میں مردہ حالت میں ملنے والے معروف ماڈل و اداکارہ حمیرااصغر کی لاش کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیاگیاتھا۔پولیس کے مطابق مرحومہ کے موبائل فون کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا تھا۔ موت کی اصل وجہ کیمیکل ایگزامینیشن رپورٹ آنے پر سامنے آئے گی۔

پولیس کے مطابق حمیرا کا تعلق لاہور سے تھا۔ اداکارہ کی لاش سرد خانے منتقل کردی گئی تھی اور مرحومہ کے لواحقین سے رابطہ ہوگیا تھا۔ایس ایچ او گذری فاروق سنجرانی کاکہناتھا کہ متوفیہ اداکارہ و ماڈل حمیر اصغر کے والد کاکہناہے کہ حمیرا سے کوئی تعلق نہیں تھا۔اداکارہ کے والد نے بیٹی کی لاش لینے سے انکارکر دیا تھا۔ایس ایچ او کے مطابق حمیرا اصغر کے اہل خانہ سے رابطے کی کوششیں کی گئیں اوراداکارہ کے والد سے بات ہوئی ہے تاہم انہوں نے کراچی آنے سے انکار کر دیا تھا۔

والد کا کہنا تھا کہ انہوں نے کافی عرصہ قبل حمیرا سے قطع تعلق کر لیا تھا۔پولیس کے مطابق بھائی نے والد سے بات کرائی تو والد نے کہا حمیرا سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ایس ایچ او فاروق سنجرانی کے مطابق حمیرا کے والد کو سمجھایا ہے کہ لاش وصول کریں تاہم والد نے دوبارہ پولیس نے رابطہ نہیں کیاتھا۔ پولیس نے مزید پیش رفت کرتے ہوئے اداکارہ کے بھائی کا نمبر حاصل کیا اور اس سے رابطے کیا۔پڑوسیوں سے بھی حمیرا سے متعلق معلومات حاصل کی تھیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد تمام صورتحال واضح ہوگی۔