سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے نظر بند کشمیری قیادت کی رہائی کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل

مودی حکومت نے عدلیہ کو بھی اپنے تابع فرمان کر رکھا ہے لہذا نظر بندوں کو انصاف نہیں مل رہا،طاہر تبسم

بدھ 9 جولائی 2025 22:46

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) انسانی حقوق، مذہبی ہم آہنگی اور عالمی امن کے لیے سرگرم ایک سرکردہ تنظیم انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈویلپمنٹ (آ ئی این ایس پی اے ڈی ) کے صدر ڈاکٹر محمد طاہر تبسم نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر جاسم محمد المطہری پر زور دیا ہے کہ جھوٹے مقدمات میں نظر بند کشمیری قیادت کی رہائی کیلئے کردار ادا کریں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر محمد طاہر تبسم نے اپنے ایک خط میں نظر بند کشمیری قیادت کو طبی اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اکثر نظر بندوں کی صحت انتہائی گرچکی ہے۔ انہوںنے سیکرٹری جنرل اور ہائی کمشنر پر زور دیا کہ وہ نظر بندوں کی غیر مشروط رہائی کے لیے اپنا اثر ورسوخ استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ کشمیری نظر بندوں کو بھارتی جیلوں میں انتہائی مشکلات حالات کا سامنا ہے ، دفعہ 370کی منسوخی کے بعد سیاسی نظربندوں کے ساتھ ناروا سلوک میں تیزی آئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ مودی حکومت نے عدلیہ کو بھی اپنے تابع فرمان کر رکھا ہے لہذا نظر بندوں کو انصاف نہیں مل رہا۔طاہر تبسم نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی فاروق احمد ڈار اور دیگر رہنما دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید ہیں اور انہیں طبی سہولیات تک رسائی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ اقوام متحدہ ، انسانی حقوق کونسل اور عالمی برادری کی فوری توجہ کا متقاضی ہے۔