انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا نے غیر ملکیوں کے تحفظ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران اور جوانوں کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد دیں

بدھ 9 جولائی 2025 22:49

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں پشاور، مالاکنڈ، بنوں اور سپیشل سیکیورٹی یونٹ کے پولیس افسران و جوانان کو دہشت گردوں اور اغوا کاروں کے خلاف اور غیر ملکیوں بالخصوص سی پیک اور نان سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے چائنیز انجنیئروں کو دن رات مکمل تحفظ فراہم کرنے کی بہترین کارکردگی پر نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

تفصیلات کے مطابق پشاور پولیس نے بہترین تفتیش اور جدید ٹیکنالوجی کی بدولت افغان کالونی سے اغواء ہونے والے تین سالہ بچے محمد یوسف کی بازیابی کو سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ اور جیو فنسنگ کے ذریعے سرگودھا پنجاب سے ممکن بنایا اور اسمیں ملوث چار اغواء کاروں کو بھی گرفتار کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح باجوڑ پولیس نے تھانہ لوئی ماموند پر دہشت گردوں کے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے حملے کو پسپا کیا تھا۔

باجوڑ پولیس نے ڈٹ کر دہشت گردوں کا کافی دیر تک مقابلہ کیا جسمیں کچھ اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔ جبکہ بنوں پولیس نے تھانہ گمبیلا اور تھانہ میریان پر دہشت گردوں کے بھاری ہتھیاروں اور ہینڈ گرنیڈ کے دو حملوں کو نہ صرف ناکام بنایا تھا بلکہ تین گھنٹے شدید مقابلے کے بعد ایک فتنہ الخوارج وسیم عرف چھوٹا کو جہنم واصل بھی کیا تھا اور ان سے اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا تھا۔

اسی طرح سپیشل سیکیورٹی یونٹ کے اہلکاروں نے دن رات غیر متزلزل جرات و بہادری اور کمٹمنٹ سے غیر ملکیوں بالخصوص سی پیک اور نان سی پیک پراجیکٹس پر کام کرنے والے انجینئروں اور چائنیز انجینئروں کے تحفظ کو یقینی بنایا تھا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی تقاریب کا انعقاد قابلِ ستائش ہے، جن میں بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران و اہلکاروں کی خدمات کو سراہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس نہایت دلیری، جانفشانی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔ جس سے عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اورمحکمے اور اپنے خاندان کے لیے عزت کا باعث بن رہے ہیں۔آئی جی پی نے مزید کہا کہ یہ بات خوش آئندہ ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس مسلسل بہتری کی طرف گامزن ہے اور اپنی اچھی کارکردگی سے پولیس کی قدر و منزلت میں اضافہ کررہی ہے۔

آئی جی پی نے انعام یافتہ گان پر زور دیا کہ وہ اپنی کوششیں مزید تیز کریں اور صوبے سے دہشت گردوں کا قلع قمع کرکے عوام کے وابستہ توقعات پر پورا اتریں۔انہوں نے انعامات حاصل کرنے والے اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے اور لگن سے اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔ایڈیشنل آئی جی پیز آپریشنز محمد علی بابا خیل،ٹریننگ اختر عباس، کمانڈنٹ سپیشل سیکیورٹی یونٹ ڈی آئی جی محمد سلیمان، اے آئی جی لاجسٹک آصف بہادر ، پرنسپل سٹاف آفیسر برائے آئی جی پی عمران اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز شہزادہ کوکب فاروق بھی اس موقع پر موجود تھے۔