کوہاٹ ،فائرنگ کے نتیجے میں 2افرادجاں بحق ،راہ گیر زخمی

بدھ 9 جولائی 2025 23:02

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء)کوہاٹ شہر میں دن دیہاڑے مصروف ترین بازار میں فائرنگ کے نتیجے میں 2افرادجاں بحق جبکہ ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔ مقتولین اور ملزمان کا تعلق قبائلی ضلع کرم سے بتایاجاتا ہے۔ پولیس اور دیگر ذرائع سے حاصل ابتدائی معلومات کے مطابق دہرے قتل کا یہ واقعہ کوہاٹ شہر میں واقع مصروف ترین میاں خیل بازار میں پیش آیا جہاں فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد موقع پرجاں بحق ہوگئے جبکہ فائرنگ کی زدمیں آکر ایک راہ گیر زخمی ہوگیا۔

(جاری ہے)

بتایاجاتا ہے کہ مقتولین موٹرسائیکل پر جارہے تھے کہ گولیوں کا نشانہ بنے۔سٹی پولیس سٹیشن کے مطابق پولیس نے ایک ملزم کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے جس کا تعلق ضلع کرم سے بتایاجاتا ہے۔ دہرے قتل کا یہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ بتایاجاتا ہے ۔ پولیس کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق بھی قبائلی ضلع کرم سے بتایاجاتا ہے جو عرصہ دراز سے کوہاٹ کے نواحی علاقہ میروزئی میں رہائش پذیر تھے ۔ادھر واقعہ کے بعد میاں خیل بازار کے دکانداروں نے شدید احتجاج کیا۔