مظلوم کی حمایت ہمارا منشور، تاجروں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘حافظ نصیر احمد احرار

جے یو آئی وفد کی شاہ عالم مارکیٹ میں سرکلر روڈ تاجر نمائندوں سے ملاقات، حمایت کی یقین دہانی، شانہ بشانہ جدوجہد کا اعلان

بدھ 9 جولائی 2025 23:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2025ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی ہدایت پر جے یو آئی پنجاب کے وفد نے شاہ عالم مارکیٹ میں سرکلر روڈ کی تاجر تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کی ۔وفد کی قیادت صوبائی سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار نے کی۔ اس موقع پر تاجر تنظیموں کے نمائندوں اور متحدہ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ ہماری تمام تر مارکیٹیں اور دکانیں قانونی ہیں، حکومت عالمی اداروں کے دبا اور سیاحت کے نام پر انہیں مسمار کرنا چاہتی ہے، ہزاروں دکانیں اور مکانات اس کی زد میں آرہے ہیں جس سے لاکھوں لوگ بے روزگار ہوں گے جو بہت بڑا ظلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قانونی حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

عوام کے روزگار کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن وہ عوام کو سڑکوں پر لانا چاہتی ہے، ہم انتظامیہ کے ذریعے ڈرانے دھمکانے اور غیر قانونی ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ متحدہ ایکشن کمیٹی کے عہدیداران میں ملک خالد، حاجی طاہر نوید، شاہد اسلم، رانا مجاہد، حاجی اعجاز احمد، محمد اکرم، توصیف اکرم، محمد حماد ودیگر شامل تھے۔

جبکہ جے یو آئی وفد میں صوبائی ترجمان حافظ غضنفر عزیز، ناظم بزنس فورم چوہدری شبیر نور ضلعی سیکرٹری جنرل حافظ عبدالرحمن، مولانا امجد سعید، مولانا فاضل عثمانی، حافظ عبدالعزیز غازی، قاری معاویہ ڈیروی شامل تھے۔ جے یو آئی پنجاب کے سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمن کے حکم پر آپ کے شانہ بشانہ ہیں ہر فورم پر آپ کے حق کے لئے آپ کے ساتھ ہوں گے، مظلوم کی حمایت ہمارا منشور ہے اور ہم آپ کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے، سیاحت اور ثقافت کے نام پر زندہ لوگوں کے مستقبل سے کھلینے کی اجازت نہیں دیں گے، جے یو آئی کے صوبائی ترجمان حافظ غضنفر عزیز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو اپنا یہ ظالمانہ فیصلہ واپس لینا پڑے گا ورنہ جمعی علما اسلام میدان میں آئے گی۔

تجارت و کاروبار قوموں کی ریڑھ کی ہڈی ہے اسے برباد کرکے حکمران قوم کا مستقبل تباہ کررہے ہیں۔