مادر ملت فاطمہ جناح کی زندگی کا ہر ہر لمحہ آج کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے، مقصودہ انصاری

بدھ 9 جولائی 2025 20:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) رکن پنجاب اسمبلی مقصودہ انصاری نے کہا ہےکہ محترمہ فاطمہ جناح ؒ ایک اصول پسند ، اسلام پسند ، روایت پسند اور اورسراپا محبت خاتون تھیں،فاطمہ جناح کی زندگی کا ہر لمحہ آج کی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے،قوم نے انہیں ماں کا درجہ دیا، مادر ملت کا مقام ملنا صرف انکا ہی نہیں بلکہ ملک و قوم کا بھی اعزاز ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناحؒ کی 58 ویں برسی کے موقع پر یہاں دی ویمن یونیو رسٹی میں منعقدہ سالانہ ” مادر ملت فاطمہ جناح کانفرنس اینڈ ایوارڈز 2025ء“سے خطاب کرتے ہوئےکیا ۔تقریب کی صدارت دی وویمن یونیورسٹی ملتان کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کی۔اس دوران صدر نظریہ پاکستان فورم ملتان پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی، سجادہ نشین دربار حضرت داو د، جہانیاں ملتان مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف جینڈر سٹڈیز بہاوالدین زکریا یونیورسٹی ڈاکٹر مرید حسین ملک، چئیرمین ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن بہاو الدین زکریا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا محمد دلشاد، سابق ڈسٹرکٹ آفیسر سپیشل ایجوکیشن میاں محمد ماجد، ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا این ایچ اے سبطین رضا لودھی، صدر ینگ پاکستانیز آرگنائز یشن نعیم اقبال نعیم، خاتون سماجی رہنما ایگز یکٹو ممبر اپوا مسز طاہرہ نجم، صدر ملتان کر یسنٹ لائنز کلب پروفیسر اعظم حسین اور نوجوان سیاسی رہنما و صدر سوشل میڈیا پی ایم ایل این ملتان محمد عقیل انصاری و دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مادر ملت کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹرحمید رضا صدیقی نےکہا کہ محترمہ فاطمہ جناحؒ ملک میں جمہوری روایات کی علمبردار تھیں،فاطمہ جناح سمجھتی تھیں کہ یہ ملک ووٹ کی طاقت سے معرض وجود میں آیا ہے اس لئے یہا ں پر مارشل لاءکی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ تحر یک پاکستان کے ابتدائی ایام میں قائد اعظم محمد علی جناح نے خواتین سے روابط کی ذمہ داری مادر ملت کو سونپ دی، اس ساری کاوش کے عوض وہ کسی بھی عہدے کی دعویدار نہ تھیں، کسی بھی قسم کے لالچ سے بے نیاز ہوکر محترمہ فاطمہ جناحؒ نے برصغیر کی سیاسی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا،وہ سمجھتی تھیں کہ خواتین کے فعال کردار کے بغیر تحریک پاکستان کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکتی،چنانچہ انہوں نے پورے برصغیر کی خواتین میں ایک نئی روح پھونک دی۔

مقصودہ انصاری نے کہا کہ محترمہ فاطمہ جناح نے آزادی سے لیکر آمریت کا سامنا کرنے تک بانی پاکستان کی فکر کو اجاگر کیا،وہ آج کی خواتین کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہیں۔مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، سبطین رضا لودھی، پروفیسر اعظم حسین، میاں محمد ماجد، پروفیسر ڈاکٹر رانا محمد دلشاد اور محمد عقیل انصاری نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ نئی نسل کو اکابرین پاکستان کی خدمات و تعلیمات سے روشناس کروایا جائے اور انہیں بتایا جائے کہ پاکستان کے اصل ہیروز کون ہیں۔

رشید عباس خان، غلام فاروق،مختار سومرو، مشتاق انصاری، سید شہباز حیدر بخاری،دی وویمن یونیورسٹی ملتان کی مختلف شعبہ جات کی چیئر پرسنز ڈاکٹر ملکہ رانی، ڈاکٹر سارہ، ڈاکٹر حنا علی، ڈاکٹر حنا منیر، ڈاکٹر دیبا،ڈاکٹر عدیلہ سعید، ڈاکٹر عابدہ عزیز ،ڈاکٹر صائمہ نسرین،ڈاکٹر مدیحہ اکرم ،ڈاکٹر میمونہ خان ،ڈاکٹر رائمہ نذر، ڈاکٹر فرح دیبا،ڈاکٹر آسیہ بی بی،ڈاکٹر ثمینہ اسلم، مریم یاسمین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

دریں اثنا ءاس موقع پر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان اور نظریہ پاکستان فورم ملتان کی طرف سے دی وویمن یونیورسٹی ملتان کی اعلیٰ تعلیمی خدمات سر انجام دینے والی فیکلٹی ممبران میں مادر ملت محتر مہ فاطمہ جناح ایوارڈ آف وویمن ایمپاورمنٹ اینڈ ایجوکیشن، سائش اور کئیر کاسمیٹکس پاکستان کے تحائف تقسیم کیے گئے۔