Live Updates

مون سون کے پیش نظر تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، کمشنر راولپنڈی ڈویژن

بدھ 9 جولائی 2025 23:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جولائی2025ء) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت کمشنر آفس میں ڈویژنل کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں مون سون بارشوں، نالہ لئی اور اس کے اطراف کی صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمہ، نکاسی آب و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سید نذارت علی، ایم ڈی واسا سلیم اشرف، ڈائریکٹر ہیلتھ و دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کمشنر راولپنڈی نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ حالیہ بارشوں کے پیش نظر واسا کی مشینری فیلڈ میں بھرپور متحرک رہیں اور نکاسی آب کا فوری انتظام کیا جائے۔ نالہ لئی کی مکمل صفائی اور اس کے اطراف سے کچرا، عمارتوں کا ملبہ اور دیگر رکاوٹیں فوری طور پر ہٹائی جائیں تاکہ بارشوں کے دوران نالہ لئی میں طغیانی سے بچا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تاکید کی کہ مون سون کے پیش نظر تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے مکمل تیاری رکھیں۔

کمشنر راولپنڈی نے مزید ہدایت کی کہ بارش کے پانی کو کہیں بھی کھڑا نہ ہونے دیا جائے کیونکہ اس سے نہ صرف عوامی آمدورفت متاثر ہوتی ہے بلکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھڑے پانی کی نکاسی، گھاس اورخود رو جھاڑیوں کو فوری صاف کیا جائے اور جراثیم کش اسپرے کرایا جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ برساتی موسم میں نالوں اور دریاؤں میں ڈوبنے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔ اس لیے وہاں تیراکی پر پابندی برقرار رکھی جائے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :