جرمنی مہینوں میں جوہری ہتھیار بنا سکتا ہے، رافیل گروسی

جمعرات 10 جولائی 2025 08:50

برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہا ہے کہ جرمنی کے پاس ایسے تمام وسائل اور تکنیکی صلاحیت موجود ہے کہ وہ چند مہینوں میں جوہری ہتھیار تیار کر سکتا ہے۔پولینڈ کے روزنامہ ’رزیچپوسپولیتا‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں رافیل گروسی نے کہا کہ جرمنی کو جوہری ہتھیار بنانے کے لیے زیادہ وقت درکار نہیں ہو گا۔

وہ یہ کام مہینوں میں کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ جرمنی کے پاس ضروری جوہری مواد اور مطلوبہ ٹیکنالوجی موجود ہے اور اسے یہ سب کچھ کرنا آتا ہے۔ اگرچہ رافیل گروسی نے اس امکان کو "فرضی قیاس آرائی" قرار دیا، تاہم انہوں نے اسے سنجیدگی سے لینے پر زور دیا۔رافیل گروسی نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ سے متعلق عالمی معاہدے پر عمل درآمد یورپی ممالک کے اپنے مفاد میں ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی تعلقات میں کوئی بھی ملک، بالخصوص طاقتور ریاستیں، قربانی یا ایثار کے اصول پر نہیں بلکہ اپنے مفاد کی بنیاد پر فیصلے کرتی ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ یورپی ممالک اس نتیجے پر پہنچ چکے ہیں کہ اگر دنیا میں ہر ملک کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت دی گئی، تو یہ انسانیت کو تباہی کی طرف لے جائے گا۔