Live Updates

مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 13جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی

پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے نیا الرٹ جاری کر دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 10 جولائی 2025 12:06

مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 13جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جولائی 2025ء ) ملک بھر میں مون سون بارشوں کا موجودہ سلسلہ 13جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے نیا الرٹ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ موجودہ مون سون بارشوں کا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے، تمام ڈپٹی کمشنرز ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے اور ادارے مشینری سمیت عملے کو تیار رکھیں، نشیبی علاقوں سے پانی کی بروقت نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور چوکنگ پوائنٹس پر پانی جمع نہ ہونے دیا جائے۔

بارشوں کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں کے قریب نہ جائیں، بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی کے قریب ہرگز نہ جانے دیں، کسی بھی ہنگامی صورت حال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بارشوں کے پیش نظر اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے، انہوں نے ہر شہر کی مرکزی اور اندرونی سڑکوں کو جلد از جلد کلیئر کرنے اور بارشی پانی کے نکاس کے عمل کو تیز کرنے کا حکم دیا ہے، وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کے ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد اور نکاسی آب کی مسلسل مانیٹرنگ کی بھی ہدایت دی اور واسا حکام کو خود فیلڈ میں پہنچنے کی تلقین کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں طوفانی بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے اور لاہور میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، مون سون کے جاری تاریخی سپیل کے دوران لاہور میں تقریباً 8 گھنٹے لگاتار بارش کا نیا ریکارڈ بن گیا، اس دوران نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 178 ملی میٹر اور اقبال ٹاؤن میں 175 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کے باعث ہونے والے مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق 22 زخمی ہوئے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات