خیبرپختونخوا پولیس کے رسک الاؤنس اور شہدا پیکج میں اضافہ کا نوٹیفیکیشن جاری

جمعرات 10 جولائی 2025 12:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) خیبرپختونخوا میں پولیس کے رسک الاؤنس اور شہدا پیکج میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ اعلامیہ محکمہ خزانہ کی جانب سے صوبائی کابینہ کے 13 جون کے فیصلے کی روشنی میں جاری کیا گیا ۔کانسٹیبل سے انسپکٹر تک یونیفارمڈ پولیس اہلکاروں کے رسک الاؤنس میں اضافہ کے تحت 7 سکیل کے پولیس اہلکار کو پہلے 7 ہزار 400 روپے ملتے تھے جبکہ اب اس مد میں 11 ہزار 400 روپے ملیں گے۔

اعلامیہ کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل کو 8 ہزار 100 کی بجائے اب 12 ہزار 700 روپے، اے ایس آئی 8 ہزار 700 روپے کی بجائے اب 15 ہزار 700 روپے رسک الائونس ملے گا۔ اس کے علاوہ سب انسپکٹر کا رسک الاؤنس 10 ہزار 300 سے بڑھا کر 16 ہزار 300 روپے ، انسپکٹر کو 12 ہزار 700 روپے کے بجائے اب 17 ہزار 300 روپے رسک الاونس کی مد میں ملیں گے۔

(جاری ہے)

محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا نے پولیس شہداء پیکج میں اضافہ سے متعلق نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، جس کے مطابق شہید پولیس اہلکار کے لواحقین کے پیکجز میں 10، 10 لاکھ روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

شہید کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل پیکج ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کر دیا گیا، جبکہ ڈی ایس پی اور اے ایس رینک کے شہید کے ورثا کو ایک کروڑ 60 لاکھ روپے کا پیکج ملے گا۔ جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ایس ایس پی، ایس پی، اے آئی جی شہید پیکج 2 کروڑ 10 لاکھ روپے، جبکہ ڈی آئی جی پی، آئی جی کا شہید پیکج 2 کروڑ 30 لاکھ روپے ہو گا، پولیس شہدا کے ورثا کو پلاٹس بھی دیئے جائیں گے۔

شہید کانسٹیبل کے ورثا کو 5 مرلے کا پلاٹ ملے گا اور شہید اے ایس آئی اور ایس آئی کے ورثا کو 7 مرلے کا پلاٹ ملے گا، جبکہ شہید ڈی ایس پی اور اے ایس پی کے ورثا کو 10 مرلے، اور ایس ایس پی اور اعلیٰ شہید افسران کے ورثا کو ایک کنال کا پلاٹ دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ خیبرپختونخوا میں پولیس رسک الاؤنس اور شہدا پیکج میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔