چوہدری شافع حسین سے گلوبل ٹریڈ ایکسپو سینٹر پاکستان کے چیئرمین مظہر حسین کی ملاقات

جمعرات 10 جولائی 2025 16:36

چوہدری شافع حسین سے گلوبل ٹریڈ ایکسپو سینٹر پاکستان کے چیئرمین مظہر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے گلوبل ٹریڈ ایکسپو سینٹر پاکستان کے چیئرمین مظہر حسین نے ملاقات کی۔پیسک ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب کے صنعتی مراکز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔ چیئرمین پاکستان ٹریڈ ایکسپو سینٹرنے صوبائی وزیر کو ماہ ستمبر میں پیرس میں ہونے والے انویسٹمنٹ بزنس فورم میں شرکت کی دعوت دی۔

چیئرمین نے اپنے ادارے کے معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پیرس میں ہونے والے انویسٹمنٹ بزنس فورم میں پنجاب کی بزنس کمیونٹی کا وفد شرکت کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کاوشوں سے پنجاب میں سرمایہ کاری کی نئی راہیں کھلی ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کے صنعتی مراکز میں تیزی سے نئے کارخانے لگ رہے ہیں جس سے لوگوں کو روزگار مل رہا ہے۔

سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاروں کو 10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری درآمد کی سہولت حاصل ہے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ چین،جاپان سمیت دیگر غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب میں ای وی سیکٹر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔یورپ کے سرمایہ کار بھی پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ گلوبل ٹریڈ ایکسپو سینٹر یورپ کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کریں۔محکمہ صنعت و تجارت اور گلوبل ٹریڈ ایکسپو سینٹر پاکستان کے مابین سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے جلد تعاون کا معاہدہ ہوگا۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ قائد اعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی اور فارماسیوٹیکل ویلی بنا رہے ہیں۔

سیالکوٹ میں 740 ایکڑ رقبے پر سرجیکل سٹی بھی بنے گا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب میں نئی سرمایہ کاری لانا میرا عزم ہے۔سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے۔پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی،ڈائریکٹر انٹرنیشنل ٹریڈ جی ٹی ای سی لیاقت علی اور دیگر بھی ملاقات میں موجود تھے۔