9مئی کیسز کو یکجا کرنے سے متعلق فوادچودھری کی اپیل پر لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار

جمعرات 10 جولائی 2025 20:56

9مئی کیسز کو یکجا کرنے سے متعلق فوادچودھری کی اپیل پر لاہور ہائیکورٹ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) سپریم کورٹ نے 9مئی کیسز کو یکجا کرنے سے متعلق فوادچودھری کی اپیل پر لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے معاملہ واپس لاہور ہائیکورٹ کو بھیج دیا۔ اور ہدایت کی ہے عدالت عالیہ دوبارہ سن کے فیصلہ کرے۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس میں کہاہے کہ شکر کریں عدالتیں کام کررہی ہیں،سپریم کورٹ نے کوئی فیصلہ دیا تو فریقین کا کیس متاثر ہو سکتا ہے۔

انھوں نے یہ ریمارکس جمعرات کے روزدیے ہیں۔سپریم کورٹ میں فوادچودھری کی 9مئی کیسز کو یکجا کرنے سیمتعلق اپیل پر سماعت ہوئی،چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے سماعت کی،فوادچودھری کی درخواست مسترد ہونے کا لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا گیا،سپریم کورٹ نے معاملہ واپس لاہور ہائیکورٹ کو بھیج دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے کہاکہ فوادچودھری کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں زیرالتوا تصور ہوگی،لاہور ہائیکورٹ ریمانڈبیک کئے گئیکیس کے ساتھ درخواست کو سنے،سپریم کورٹ نے حتمی فیصلیتک مقدمات کا ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کردی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہاکہ ٹرائل پر حکم امتناع دینے کا فیصلہ ہائیکورٹ کریگی،فوادچودھری نے کہاکہ رات 12،12بجے تک ٹرائل چل رہا ہے،چیف جسٹس نے کہاکہ شکر کریں عدالتیں کام کررہی ہیں،سپریم کورٹ نے کوئی فیصلہ دیا تو فریقین کا کیس متاثر ہو سکتا ہے۔بعداشاں عدالت معاملہ دوبارہ فیصلے کے لیے لاہور ہائی کورٹ کو واپس بھجوادیا۔