نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراور اسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وانگ کی اہم ملاقات

جمعرات 10 جولائی 2025 21:35

نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراور اسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وانگ کی اہم ملاقات
اسلام آباد ، کوالالمپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آسٹریلوی وزیر خارجہ سینیٹر پینی وانگ کے درمیان آسیان ریجنل فورم کے سائیڈ لائنز پر کوالالمپور میں ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور آسٹریلیا کے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک نے باہمی تجارت، سرمایہ کاری، تعلیمی تعاون اور عوامی روابط کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزرائے خارجہ نے خاص طور پر پاکستانی کمیونٹی اور کرکٹ کو دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور سماجی روابط کا اہم پل قرار دیا۔ ملاقات میں تعلیمی میدان میں شراکت داری کو وسعت دینے اور اعلیٰ سطح پر سیاسی مشاورت و رابطہ کاری کو مزید مضبوط کرنے پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی تعلقات کو وقت کے تقاضوں کے مطابق نئی جہتوں پر استوار کیا جائیگا۔ دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تازہ ولولہ پیدا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگی، جس سے مستقبل میں دوطرفہ تعاون کے مزید دروازے کھلیں گے۔