خیبر پختونخوا لیکروس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اپر دیر میں ٹریننگ کیمپ کا انعقاد

جمعرات 10 جولائی 2025 21:39

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جولائی2025ء) خیبرپختونخوالیکروس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اپر دیر میں لیکروس ٹریننگ کیمپ کا کامیاب انعقاد کیاگیا جس میں بیس سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اپر دیر عمر ریاض مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے کھلاڑیوں میںلیکروس اسٹکس، اسناد اور سووینئرز تقسیم کیے۔ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر صدیق الله،پاکستان لیکروس فیڈریشن کے سیکرٹری انجینئر طیفور زرین اور کوچ حسنین خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدر خیبر پختونخوا لیکروس ایسوسی ایشن سید سالار جہان کی ہدایات پر اپر دیر میں لیکروس کلینک کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔اس کلینک میں کھلاڑیوں کو لیکروس کے مختلف ڈرلز، اصول و ضوابط، اور جدید تکنیکس سے آگاہ کیا گیا۔ڈی ایس او صدیق اللہ نے اس اقدام کو سراہا اور یقین دہانی کروائی کہ وہ اپر دیر میں لیکروس کے فروغ اور ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عمر ریاض نے لیکروس کو ایک دلچسپ اولمپک کھیل قرار دیتے ہوئے مکمل سپورٹ فراہم کرنے کا عزم کیا۔ انہوں نے کے پی لیکروس کی کاوشوں اور ڈی ایس او کی سپورٹس اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے تعریف کی۔