مولانا خانزیب کی شہادت، سینیٹر ایمل ولی خان کا ریاست کے خلاف ایف آئی آر کا اعلان

جمعرات 10 جولائی 2025 22:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے مرکزی سیکرٹری برائے امورِ علما، مولانا خانزیب کی شہادت پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ المناک واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ پختونوں کی سرزمین پر خون بہانا کتنا آسان بنا دیا گیا ہے، اور ریاستی ادارے اس پورے عمل میں شریکِ جرم ہیں کیونکہ انہوں نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔

ایمل ولی خان نے اعلان کیا کہ وہ مولانا خانزیب کے بڑے بھائی شیخ جہانزادہ سے مشاورت کے بعد شہادت کی ایف آئی آر ریاست کے خلاف درج کریں گے، کیونکہ یہ واقعہ کسی انفرادی دشمنی یا ذاتی حملے کا نتیجہ نہیں بلکہ منظم ریاستی پالیسیوں کا تسلسل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم برسوں سے چیخ چیخ کر خبردار کرتے رہے ہیں کہ ضم شدہ اضلاع کو ایک بار پھر دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

ہماری آواز روزِ اول سے واضح ہے کہ چالیس ہزار سے زائد دہشتگردوں کو دوبارہ لا کر خیبرپختونخوا میں آباد کیا گیا، انہیں ہتھیار، اثر و رسوخ، اور کھلی نقل و حرکت دی گئی، اور آج انہی عناصر کے ہاتھوں ہمارے رہنماؤں، کارکنوں، اور معصوم شہریوں کا قتلِ عام ہو رہا ہے۔ایمل ولی خان نے کہا کہ مولانا خانزیب کا قتل صرف ایک فرد کا قتل نہیں بلکہ ریاستی پالیسیوں کی ناکامی اور مجرمانہ روش کا عملی ثبوت ہے۔

جب تک ان دہشتگردوں کے سہولت کاروں کو بے نقاب نہیں کیا جاتا اور ان کی پشت پناہی کرنے والے اداروں اور افراد کا احتساب نہیں ہوتا، پختون اسی طرح خون میں نہاتے رہیں گے۔انہوں نے ریاست سے دوٹوک سوال کیاکہ اگر آپ واقعی سنجیدہ ہیں، تو بتائیں ان قاتلوں کو کس نے واپس لایا کس نے انہیں سیاسی اور سیکیورٹی چھتری فراہم کی اور سب سے اہم سوال یہ ہے کہ ریاستی ادارے کیوں مسلسل خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں"ایمل ولی خان نے واضح کیا کہ عوامی نیشنل پارٹی اپنے شہداء کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دے گی، اور ہر سطح پر اس ظلم اور ناانصافی کے خلاف قانونی، سیاسی اور عوامی جنگ لڑے گی۔