ریسکیو1122 ہر ایمرجنسی کے لیے ہمہ وقت تیار ہے،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت

جمعرات 10 جولائی 2025 23:06

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)ریسکیو1122سوات کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر رفیع اللہ مروت نے کہا ہے کہ ریسکیو1122 کا ادارہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں عوام کو فوری امداد فراہم کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے اور سانحہ سوات جیسے المناک واقعات سے نمٹنے کے لیے ادارے میں اصلاحاتی عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پختونخوا ریڈیو ایف ایم 98 سوات کے کرنٹ افیئرز پروگرام ''حال احوال'' میں میزبان فضل خالق خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ سانحہ دریائے سوات میں پیش آنے والا انتہائی دلخراش واقعہ تھا جس میں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور ہم اس غم میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اس واقعے کے بعد نہ صرف ادارے کی کارکردگی کا ازسر نو جائزہ لیا جا رہا ہے بلکہ مستقبل میں ایسے کسی بھی حادثے سے بروقت نمٹنے کے لیے جدید سہولیات کی فراہمی اور عملے کی پیشہ ورانہ تربیت کا عمل بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر ریسکیو1122کو جدید ٹیکنالوجی، ریسکیو بوٹس، جدید کٹس اوردیگر ضروری آلات فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ دریاں، پہاڑی علاقوں اور دور دراز مقامات پر بھی فوری ریسپانس ممکن ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کے لیے ایک جدید موبائل ایپ پر کام جاری ہے جو اس طرح تیار کی جا رہی ہے کہ اگر کسی علاقے میں موبائل نیٹ ورک موجود نہ ہو تب بھی فوری طور پر ادارے سے رابطہ ممکن ہو سکے گا۔

یہ ایپ مستقبل میں ریسکیو سسٹم کو مزید موثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ پروگرام کے دوران سامعین نے بھی مختلف نوعیت کے سوالات کیے جن کا انہوں نے تفصیل سے جواب دیا۔ عوامی سوالات میں ریسکیو اہلکاروں کی تعداد، ان کی تربیت، سوات میں ہنگامی ریسپانس کا وقت، دریائے سوات میں سیاحوں کی حفاظت کے لیے اقدامات اور موجودہ نظام کی کمزوریاں شامل تھیں۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض جگہوں پر بہتری کی گنجائش ہے اور اسی مقصد کے تحت ادارے میں جائزہ اور اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ رفیع اللہ مروت نے دریائے سوات کے کنارے واقع ہوٹل مالکان سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی سماجی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے سیاحوں کی مناسب رہنمائی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں اور حادثات سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔