خیبرپختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیش گوئی

جمعرات 10 جولائی 2025 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جولائی2025ء)پاکستان میٹرولوجکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) نے خیبرپختونخوا بھر میں ایک اور مون سون بارشوں کے سلسلے کی پیش گوئی کی ہے جو 11 جولائی سے 17 جولائی 2025تک جاری رہے گا، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔محکمہ موسمیات کے ریجنل میٹ آفس پشاور کے مطابق اس وقت مرطوب ہوائیں خیبرپختونخوا کے بیشتر حصوں میں داخل ہو رہی ہیں، جو آئندہ چند روز میں شدت اختیار کریں گی، جبکہ 13 جولائی کی شام یا رات کے وقت مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی متوقع ہے، جس سے موسمی صورتحال میں مزید شدت آسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اس سسٹم کے تحت صوبے کے متعدد اضلاع میں گرج چمک، آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی سے لے کر وقفے وقفے سے شدید اور بہت شدید بارشوں کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس موسمی صورتحال سے ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ، چترال، دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، کولائی پالس کوہستان، تورغر، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، بنوں، کرک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان متاثر ہوسکتے ہیں۔

اس حوالے سے پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے ضلعی انتظامیہ کو جاری کردہ مراسلے میں خبردار کیا ہے کہ بالائی اور پہاڑی علاقوں، خصوصاً گلیات، مانسہرہ، کوہستان اور کولائی پالس کوہستان میں برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خطرہ ہے۔مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ چترال، سوات، پنجکوڑہ اور دریائے کابل میں دریا کا پانی بھی خطرناک حد تک بڑھنے کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اضلاع کو ہدایت کی ہے کہ حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔