ڈیرہ غازی خان، ناقص صفائی اور حفظان صحت کی خلاف ورزی پر تین فوڈ پوائنٹس کو 70 ہزار روپے جرمانہ

جمعرات 10 جولائی 2025 21:50

ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) ڈیرہ غازی خان ،ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے صفائی کے ناقص انتظامات اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر تین فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 70 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر نذر حسین کورائی کے مطابق، پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹیم کے ہمراہ گھنٹہ گھر بازار اور ملتان روڈ پر مختلف فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران گھنٹہ گھر مارکیٹ میں ابوبکر پلاؤ والے کو 20 ہزار روپے،منیب ریوڑی فیکٹری کے مالک کو 30 ہزار روپے اور ملتان روڈ پر واقع علی پلاؤ والے کو 20 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق شہریوں کو صاف، معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہےاور اس مقصد کے لیے ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت گراں فروشی، ملاوٹ اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بھی بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔