انگلینڈ نے بھارت کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنا لیے

جمعرات 10 جولائی 2025 23:10

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2025ء) انگلینڈ نے بھارت کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے روز اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنا لیے۔ تجربہ کار بیٹر جو روٹ 99 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور ان کے ساتھ کپتان بین اسٹوکس 39 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔ جمعرات کو لارڈز کے تاریخی میدان میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اوپنرز بین ڈکٹ اور زیک کرولی نے 43 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ بین ڈکٹ 23 اور زیک کرولی 18 رنز بنا کر نتیش کمار ریڈی کا شکار بنے۔ تیسری وکٹ اولی پوپ کی گری جنہوں نے 44 رنز کی اننگز کھیلی اور روندرا جدیجا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ چوتھے آؤٹ ہونے والے بیٹر ہیری بروک تھے جو صرف 11 رنز بنا کر جسپریت بمراہ کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے۔ بھارت کی جانب سے نتیش کمار ریڈی نے دو جبکہ روندرا جدیجا اور جسپریت بمراہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔