عمرہ زائرین صحت رہنما ضوابط پر عمل کریں، سعودی وزارت حج کی ہدایت

جمعہ 11 جولائی 2025 08:40

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے مملکت آنے والے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ موسم گرما میں خصوصی احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے تاکہ بہتر طریقے سے زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزار سکیں۔

(جاری ہے)

سبق نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ کا کہنا ہے کہ ’ضیوف الرحمان کی صحت اولین ترجیح ہے جس کے لیے عمرہ زائرین کو چاہئے کہ وہ صحت رہنما ضوابط پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ ان دنوں موسم شدید گرم ہے جس میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہیں جن کے تحت زائرین دوپہر کے وقت براہ راست دھوپ کی تپش سے خود کو بچائیں اس کےلیے بہتر ہے کہ اپنی رہائش سے باہر جاتے وقت چھتری کا استعمال ضرور کریں۔صحت رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے جسم کو پانی کی کمی سے محفوظ رکھنے کےلیے مقررہ مقدار میں پانی کا استعمال کریں تاکہ جسم میں پانی کی سطح متاثر نہ ہو۔