ٹرمپ انتظامیہ کا شکاگو اور الی نوائے میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف آپریشن کا اعلان

منگل 9 ستمبر 2025 15:33

ٹرمپ انتظامیہ  کا  شکاگو اور الی نوائے میں غیر قانونی تارکین وطن  کے ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2025ء) امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی ( ڈی ایچ ایس) نے اعلان کیا ہے کہ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای )شکاگو اور الی نوائے میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف ’’مڈ وے بلیٹز ‘‘آپریشن شروع کر رہا ہے ۔ شنہوا کے مطابق امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے بتایا ہے کہ اس آپریشن کو ’’مڈ وے بلیٹز‘‘ کا نام دیا گیا ہے، جو کیٹی ابراہم کے اعزاز میں رکھا گیا ہے۔

کیٹی ابراہم الی نوائے میں ایک ہٹ اینڈ رن حادثے میں ہلاک ہوئی تھیں، یہ حادثہ غیر قانونی تارکین وطن جولیو کُکُل-بول نے نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے کیا تھا۔الی نوائے کے ڈیموکریٹک گورنر جے بی پرٹزکر نے اس کارروائی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ جرم سے لڑنے کے بارے میں نہیں ہے بلکہ خوف پھیلانے کی ایک کوشش ہے۔

(جاری ہے)

ہمیں گزشتہ ہفتوں میں وفاقی حکومت کی جانب سے تعاون اور ہم آہنگی دیکھنے کو نہیں ملی۔

شکاگو کے میئر برینڈن جانسن نے بھی اس اقدام پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کو کسی قسم کی اضافی امیگریشن کارروائی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم امیگریشن کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کے مخالف ہیں کیونکہ آئی سی ای کا ریکارڈ امریکی شہریوں کو حراست میں لینے، ملک بدر کرنے اور قیدیوں کے انسانی حقوق پامال کرنے پر مشتمل ہے۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا دھمکی دے چکے ہیں کہ شکاگو میں جرائم کے خاتمے کے لئے نیشنل گارڈ تعینات کئے جائیں گے۔ شکاگو کے میئر کا کہنا ہے کہ نیشنل گارڈ کی تعیناتی سے شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان کشیدگی بڑھ سکتی ہے۔