حمیرا اصغر کے جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی نہیں تھی، نچلے جسم کا گوشت مکمل طور پر گل چکا تھا، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مزید انکشافات

موت کو 8 سے 10ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے،لاش ڈی کمپوز کے بالکل آخری اسٹیج تھی اور لاش میں تھوڑے کیڑے پڑ چکے تھے، فوری طور پر کسی تشدد یا زبردستی کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، رپورٹ

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 11 جولائی 2025 13:05

حمیرا اصغر کے جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی نہیں تھی، نچلے جسم کا گوشت مکمل طور ..
کراچی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جولائی 2025)کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے فلیٹ میں مردہ پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی، رپورٹ میں ان کی موت کی مدت کا تعین کر لیا گیا ہے، اداکارہ کی موت کو 8 سے دس ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے، جب کہ لاش ڈی کمپوزیشن کے آخری مراحل میں تھی۔ ابتدائی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ حمیرا اصغر کے جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی ہوئی نہیں تھی جس سے فوری طور پر کسی تشدد یا زبردستی کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔

ان کے بال اور شرٹ کے ٹکڑے کیمیائی تجزیے کیلئے بھیجے گئے ہیں۔ جب کہ نچلے جسم کا گوشت مکمل طور پر گل چکا تھا۔ لاش ڈی کمپوز کے بالکل آخری اسٹیج تھی اور لاش میں تھوڑے کیڑے پڑ چکے تھے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ حمیرا اصغر کے بال اور  شرٹ کے ٹکڑے کیمیائی معائنے کیلئے بھیجے ہیں جب کہ فزیکل مائنس سے زیادتی کا پتہ لگانا مشکل ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا کہ لاش کی حالت اس قدر خراب تھی کہ اس سے کسی بھی قسم کی جسمانی زیادتی یا تشدد کے شواہد کا تعین ممکن نہیں رہا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے واقعے کی مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے اور مستقبل میں ممکنہ قانونی تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے حمیرا کے بھائی کے بلڈ سیمپل لے لئے ہیں جبکہ دونوں بہن بھائی کا ڈی این اے سیمپل بھی میچ کیا جائے گا۔

اداکارہ کی موت کی وجہ جاننے کیلئے پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں ڈیجیٹل شواہد، سی سی ٹی وی فوٹیج، موبائل ڈیٹا اور سوشل میڈیا سرگرمیوں کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔حمیرا اصغر کی میت آج شام 4بجے کے قریب لاہور پہنچے گی۔ حمیرا کے بھائی نوید کا کہنا ہے کہ ان کی نمازجنازہ ماڈل ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔ ماڈل و اداکارہ حمیرااصغر کی میت کراچی سے لاہور پہنچا دی گئی، اداکارہ کی نماز جنازہ گرین ٹاؤن میں ادا کی جائے گی۔

واضح رہے کہ ڈیفنس فیز 6 میں فلیٹ میں مردہ پائی گئی اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی تھی جس کے بعد وہ مرحومہ کی میت لے کر لاہور روانہ ہوگئے۔میت وصولی کیلئے بھائی اور بہنوئی کراچی پہنچ گئے اور ایس ایس پی ساؤتھ سمیت دیگر پولیس افسران سے ملاقات کی۔اہل خانہ کا کہنا تھا کہ حمیرا کی تدفین لاہور میں کی جائے گی۔حمیرا کی میت کی حوالگی کا حکم نامہ کچھ دیر بعد انہیں جاری کردیا گیا تھا پولیس کی جانب سے لیٹر ملنے کے بعد اہل خانہ نے حمیرااصغر کی لاش وصول کر لی تھی۔