مقبوضہ کشمیر،یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر 13 جولائی کومکمل ہڑتال کی کال

بھارتی تسلط سے جموں وکشمیر کی آزادی تک شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا

جمعہ 11 جولائی 2025 14:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)مقبوضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے 13 جولائی (بروز اتوار) کو’’ یوم شہدائے کشمیر ‘‘کے موقع پر مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تمام آزادی پسند رہنمائوں اورتنظیموں نے ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فوجیوں کے ہاتھوں 13 جولائی1931 کو شہید ہونیوالے 22 کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ہڑتال کی کال کی حمایت کی ہے ۔

حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کشمیری عوام سے شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی غرض سے مزار شہدا نقشبند صاحب سرینگر کی طرف مارچ کی بھی اپیل کی ہے ۔حریت ترجمان نے کہاکہ کشمیری شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور بھارتی تسلط سے جموں وکشمیر کی آزادی تک شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 13جولائی 1931کو شہید ہونے والے یہ افراد ان ہزاروں لوگوں میں شامل تھے جو عبدالقدیر نامی ایک شخص کے خلاف مقدمے کی سماعت کے موقع پرسرینگر سینٹرل جیل کے باہر جمع ہوئے تھے جس نے کشمیری عوام کو ڈوگرہ حکمرانی کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا کہا تھا۔ نماز ظہر کے وقت ایک کشمیری نوجوان نے جب اذان دینا شرو ع کی تو مہاراجہ کے فوجیوںنے اسے گولی مارکر شہید کر دیا۔اس کے بعد دوسراشخص اذان پوری کرنے کیلئے کھڑا ہوا تو اسے بھی شہید کردیا گیا۔ یوں اذان مکمل ہونے تک 22کشمیریوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔