دنیا بھر کی طرح وادی نیلم کے ضلعی ہیڈکوارٹر آٹھمقام میں پاپولیشن ڈے منایا گیا

وزارت بہبود آبادی کے مطابق ملک کی کل آبادی پچیس کروڑ نفوس پر مشتمل ہے

جمعہ 11 جولائی 2025 14:51

نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)دنیا بھر کی طرح وادی نیلم کے ضلعی ہیڈکوارٹر آٹھمقام میں پاپولیشن ڈے منایا گیا۔ اس مناسبت سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر آٹھ مقام میں واک کا اہتمام کیا گیا۔ آگاہی واک میں اسسٹنٹ کمشنر آٹھمقام چوہدری محمدبشارت ،چیئرمین بلدیہ محمد صدیق بیگ، صدر بار بشارت میر ایڈووکیٹ، سول سوسائٹی کے زعما، وکلاء، تاجر، صحافی اور سول سوسائٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ضلعی آفیسر محکمہ بہبود آبادی راجہ عارف خان نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ پاپولیشن ڈے منانے کا مقصد دنیا کو آبادی میں اضافے کے سبب بڑھتے ہوئے مسائل سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔ہرسال گیارہ جولائی کواس دن کی مناسبت سیدنیا بھر کی طرح وادی نیلم میں یہ دن منایا جاتا ہے اور تقاریب کا انعقاد کیا جاتا ہے جبکہ آبادی کی روک تھام کے لئے آگاہی مہم بھی چلائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اعدادو شمار کے مطابق اس وقت دنیا کی کل ابادی تقریبا سات ارب ہو چکی ہے۔ جبکہ پاکستان اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہے۔ وزارت بہبود آبادی کے مطابق ملک کی کل آبادی پچیس کروڑ نفوس پر مشتمل ہے۔ آبادی میں اضافے اور وسائل کی کمی کے باعث عوام کے مسائل میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور اس وقت تین کروڑ چھ لاکھ پاکستانی غربت کی لکیر سے بھی نیچے زندگی بسر کر رہے ہیں جبکہ ساڑھے چھ کروڑ پاکستانیوں کو پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں۔

آٹھ کروڑاسی لاکھ افراد کو سینیٹری مسائل کا سامنا ہے جبکہ چھ کروڑ پچاس لاکھ افراد ایک کمرے کے گھر میں رہنے پر مجبور ہیں۔ آبادی کے ساتھ ساتھ پاکستان اؤر آزاد کشمیر میں بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوا ہے جبکہ تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کا بھی فقدان ہے۔ عالمی یوم آبادی کے حوالے سے آبادی کے بڑھتے ہوئے طوفان کو روکنا تنہا حکومت کے بس میں میں نہیں بلکہ اس مقصد کے لئے علمائکرام اور دانشوروں سمیت تمام مکاتب فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جبکہ ماہرین کے مطابق آبادی میں اضافہ وسائل میں کمی کا بنیادی سبب ہے جبکہ آبادی میں ہونے والا یہی اضافہ مسائل کے حل میں بھی رکاوٹ ثابت ہورہا ہے،اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو مستقبل میں حالات مزیدسنگین ہوجائیں گے۔

آخر میں ضلعی افسر راجہ عارف خان نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔