قومی اسمبلی کی مخصوص نشست پر ایم این اے منتخب ہونے والی ارم حامدحمیدکاسرگودھاپہنچنے پر استقبال

جمعہ 11 جولائی 2025 15:19

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) قومی اسمبلی کی مخصوص نشست پر ایم این اے منتخب ہونے والی دخترسرگودھاارم حامدحمیدکاسرگودھاپہنچنے پرفقیدالمثال استقبال کیاگیا۔ نومنتخب ممبر قومی اسمبلی کو خوش آمدید کہنے کے لئے پچاس کے قریب مقامات پراستقبالیہ کیمپ لگائے گئے۔ شہری جلوسوں اورریلیوں کی شکل میں خیرمقدم کے لئے پہنچے۔

شہرکی فضانوازشریف زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ کارکنوں کے جم خفیرنے شہرکی سڑکوں کوجام کردیا۔ شہری مسلسل اپنے قائدچودھری حامدحمیداورایم این اے ارم حامداوران کے ساتھ سرگودھاپہنچنے والے قائدین کے استقبال کے لئے پہنچتے رہے۔ ارم حامدحمیدنے استقبالی کیمپوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالی کے بعد یہ مسلم لیگ ن کی قیادت کااحسان ہے انہوں نے مجھ جیسی خاتون خانہ کو ممبرقومی اسمبلی منتخب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسلم لیگی ورکروں کاشکریہ اداکیا۔خاتون ایم این اے کے استقبال کے لئے 33پھاٹک، نواب کالونی پبلک سیکرٹریٹ،چونگی نمبرنو، اسلام پورہ،انجمن تاجران کباڑی بازار، تاجران موٹرسائیکل ایسوسی ایشن فاطمہ جناح روڈ، بھٹی چوک،ٹرسٹ پلازہ، نوری گیٹ،چوک مسجدشہداخوشاب روڈ، سٹی روڈ۔گولچوک، چوک اردوبازار، فیصل بازار،چوک بلاک نمبر بارہ، بلاک نمبرسترہ،یتیم خانہ روڈ سمیت مزیددرجنوں مقامات پربڑے بڑے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے تھے جہاں پرمنوں پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گیئں اس موقع پر کیمپوں میں مسلم لیگی ترانوں پر ورکر خوشی سے ناچتے رہے۔

نومنتخب ایم این اے ارم حامداورسابق وزیرمملکت چودھری حامدحمیدنے چودھری عبدالحمیدپبلک سیکرٹریٹ بلاک 25میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کے تاریخی استقبال نے ثابت کردیاہے کہ سرگودھا میاں محمدنوازشریف کاشہرہے ہم شاہینوں کے شہرسرگودھاکی عوام کے قرض دارہیں اتنی محبتوں کاقرض نہیں اتارسکتے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف جس طرح عوام کے دکھوں کامداوا کررہی ہیں ان کے مشن کوپوراکرنے کے لئے ارم حامدحمیددن رات جدوجہدکریں گی۔ سرگودھاکی بیٹی سرگودھاکے مسائل کے حل اوراس کی ترقی کے لئے ہرممکن جدوجہدکریں گی۔ آخرمیں انہوں شہریوں کا شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر مسلم لیگی ورکرز کے علاوہ شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی.