بارہ مقدمات میں نامزد ملزم کی بازیابی کی درخواست پرفریقین سے جواب طلب

جمعہ 11 جولائی 2025 15:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے قتل کے 12 مقدمات میں نامزد ملزم محمد اسماعیل کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے آئی جی پنجاب، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ لاہور سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کرلیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کے وکیل کاشف بھٹی نے موقف اختیار کیا کہ محمد اسماعیل تمام مقدمات میں ضمانت پر ہے اور 9 جولائی کو سیشن عدالت میں پیشی کے بعد سی سی ڈی لاہور کی ٹیم اسے زبردستی اٹھا کر لے گئی،اسے جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا جا سکتا ہے، استدعا کی گئی کہ مغوی کو بحفاظت پیش کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔