آبادی میں تیزی سے اضافہ ہماری معیشت، صحت، تعلیم اور ماحولیات پر گہرے اثرات مرتب کر رہا ہے ،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

جمعہ 11 جولائی 2025 17:05

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ آبادی میں تیزی سے اضافہ ہماری معیشت، صحت، تعلیم اور ماحولیات پر گہرے اثرات مرتب کر رہا ہے، جس سے صرف اسی صورت میں نمٹا جا سکتا ہے جب ہم ایک قومی شعور کے تحت خاندانی منصوبہ بندی، خواتین کو بااختیار بنانے اور نوجوان نسل کی رہنمائی کو اپنی اولین ترجیح بنائیں ۔

ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کوبے چک میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آبادی اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے عوامل ہیں اور اگر ہم اپنے انسانی وسائل کو درست سمت میں بروئے کار لائیں تو یہی نوجوان ، یہی خواتین، اور یہی خاندان ہماری ترقی کا مضبوط ستون بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں دیہی و شہری ہر سطح پر آگاہی مہمات کو فروغ دینا ہو گا تاکہ ہر فرد، ہر گھرانے تک یہ پیغام پہنچے کہ محدود، خوشحال اور تعلیم یافتہ خاندان ہی ایک صحت مند معاشرے کی بنیاد ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا، انہیں تعلیم و صحت کی سہولیات دینا، اور انہیں خود فیصلے کرنے کا حق دینا ایک ایسی حکمت عملی ہے جو نہ صرف آبادی میں توازن پیدا کرے گی بلکہ قومی سطح پر خوشحالی، پائیداری اور ترقی کا راستہ ہموار کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عالمی یوم آبادی ہمیں موقع دیتا ہے کہ ہم اجتماعی طور پر اس بات پر غور کریں کہ ہماری ترجیحات کیا ہونی چاہییں، اور ہم کس طرح آنے والی نسلوں کے لئے ایک بہتر پاکستان چھوڑ سکتے ہیں۔ انہوں نے شریفاں بی بی میموریل ہسپتال کی انتظامیہ کو اس اہم موضوع پر شعور اجاگر کرنے کے لیے خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے میدانِ عمل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سیمینار میں شریک نوجوانوں، خواتین، طبی عملے اور مقامی عمائدین نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے خیالات سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آبادی میں توازن، صحت مند طرزِ زندگی، اور تعلیم کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔