وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت خان کا عالمی یوم آبادی کے موقع پر پیغام

جمعہ 11 جولائی 2025 17:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے معاونِ خصوصی برائے بہبود آبادی ملک لیاقت خان نے ورلڈ پاپولیشن ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی نہ صرف ملکی وسائل پر دباؤ ڈال رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر ماحولیاتی تبدیلیوں ، گلوبل وارمنگ اور دیگر سنگین سماجی و معاشی مسائل کو بھی جنم دے رہی ہے۔

اس عالمی دن کے موقع پر انہوں نے عوام الناس سے خاندانی منصوبہ بندی کو سنجیدگی سے اپنانے اور اس پر عملدرآمد کرنے کی پرزور اپیل کی ہے۔ملک لیاقت خان نے کہا کہ ایک منظم، صحت مند اور خوشحال معاشرے کے لیے ضروری ہے کہ ہم آبادی میں غیر معمولی اضافے پر قابو پائیں، بدقسمتی سے پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں آبادی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، جو نہ صرف تعلیمی، صحت، روزگار اور رہائش جیسے بنیادی شعبہ جات پر منفی اثر ڈال رہا ہے بلکہ قدرتی وسائل میں کمی اور ماحولیاتی مسائل کا بھی سبب بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خیبر پختونخوا محکمہ بہبود آبادی کے ذریعے مختلف آگاہی مہمات، مفت طبی سہولیات، اور مشاورت کی سہولتیں فراہم کر رہی ہے تاکہ ہر گھرانے کو اپنے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھنے میں مدد دی جا سکے۔ انہوں نے علمائے کرام، میڈیا، اساتذہ اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق شعور اجاگر کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

ملک لیاقت خان نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے بچوں کو ایک ایسا ماحول مہیا کریں جہاں انہیں تعلیم، صحت اور روزگار کے بہتر مواقع میسر ہوں، یہ اُسی وقت ممکن ہے جب ہم آبادی پر کنٹرول حاصل کریں گے۔ورلڈ پاپولیشن ڈے کا پیغام صرف ایک دن تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے ایک مسلسل کوشش اور طرزِ فکر میں بدلنا ہوگا تاکہ ہم ایک پائیدار اور خوشحال پاکستان کی طرف گامزن ہو سکیں۔