خبر کی تصدیق اس دور کا سب سے بڑا چیلنج ہے،احسن اقبال

حکومت میڈیا لٹریسی کے لیے قومی چارٹر تشکیل دے رہی ہے، وفاقی وزیر

جمعہ 11 جولائی 2025 18:30

خبر کی تصدیق اس دور کا سب سے بڑا چیلنج ہے،احسن اقبال
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں جھوٹی خبروں اور فیک نیوز کا پھیلائو جمہوریت اور معاشرتی ہم آہنگی کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔جمعہ کو ادارہ فروغ قومی زبان اسلام آباد میں یونیسکو کے زیر اہتمام منعقدہ ’’میڈیا اور انفارمیشن لٹریسی فریم ورک پالیسی ڈائیلاگ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جمہوریت کے لیے سب سے بڑا خطرہ ٹیکنالوجی اور انفارمیشن کا امتزاج ہے، اگر امریکہ جیسے ترقی یافتہ ملک میں صدارتی انتخاب فیک انفارمیشن سے متاثر ہو سکتا ہے تو یہ ہمارے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

احسن اقبال نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت میڈیا اور انفارمیشن لٹریسی کو ایک قومی چارٹر کی شکل دے رہی ہے تاکہ نوجوان نسل کو جھوٹ اور سچ میں فرق کرنا سکھایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل دور میں جنگوں کا سب سے موثر ہتھیار جھوٹی خبریں ہیں، ہر ملک کے لیے میڈیا اور انفارمیشن لٹریسی دفاع کی پہلی لائن ہونی چاہیے۔وزیر منصوبہ بندی نے میڈیا کی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ متحد ہو کر ایک محتسب مقرر کریں تاکہ غیر ذمہ دارانہ اور جھوٹی خبروں کی اشاعت پر سخت احتساب ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے تعلیمی اداروں کو بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کو روایتی تدریسی طریقوں کے بجائے تنقیدی سوچ کو فروغ دینا چاہیے اور یونیورسٹیوں کو چاہیئے کہ وہ میڈیا لٹریسی کورس کو ہر تعلیمی پروگرام کا لازمی جزو بنائیں۔احسن اقبال نے ذاتی واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ2018ئ میں دو سیاسی جماعتوں نے میرے خلاف سوشل میڈیا پر منظم نفرت انگیز مہم چلائی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان نفرت میں اس قدر اندھا ہو گیا کہ اس نے مجھ پر قاتلانہ حملہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ سوشل میڈیا کے ذریعے آزادانہ طور پر نفرت پھیلاتے ہیں، ان کا انجام مثالی ہونا چاہیے تاکہ معاشرے کو مزید تقسیم سے بچایا جا سکے۔