سرڈاکہ میں مسافروں کا قتل کھلی دہشت گردی ،حکومت شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے، نواب ثناء اللہ زہری

جمعہ 11 جولائی 2025 18:30

سرڈاکہ میں مسافروں کا قتل کھلی دہشت گردی ،حکومت شہریوں کے تحفظ کو یقینی ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء) سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے سرڈاکہ میں بے گناہ مسافروں کے قتل کے واقعے پر گہرے رنج و غم اور شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شناخت کے بعد مسافروں کو فائرنگ کا نشانہ بنانا ایک کھلی اور سنگین دہشت گردی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نواب ثناء اللہ خان زہری نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان ایک پرامن خطہ ہے، جہاں کے عوام امن، بھائی چارے اور باہمی احترام پر یقین رکھتے ہیں، لیکن چند شرپسند عناصر دانستہ طور پر صوبے کے امن کو خراب کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرڈاکہ جیسے واقعات صوبے کے پٴْرامن ماحول کو خون آلود کرنے کی گھناؤنی سازش ہیں جن کا مقصد نفرت، خوف اور انتشار پھیلانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں، دہشت گردوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور ایسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے جو معصوم لوگوں کی جانیں لے کر عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں۔

نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ اگر ریاستی ادارے ایسے واقعات پر صرف رسمی بیانات تک محدود رہیں گے تو عوام کا اعتماد اٹھتا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے اور صوبے میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر اور مربوط حکمت عملی اختیار کی جائے سابق وزیر اعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے اس اندوہناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔